• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیراعظم آئندہ پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے

اسلام آباد (محمد صالح ظافر ،خصوصی تجزیہ نگار)چین کے وزیراعظم لی آئندہ پیر کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کر یں گے،اسلام آباد اور بیجنگ میں تفصیلات طے ہورہی ہیں ،اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف خطاب نہیں کرینگے ،دونوں ممالک میں کئی معاہدوں پر دستخط ہونگے ،وزیراعظم چین سیاسی اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے،وہ اپنے قیام میں پاکستان کو دہشت گردی اور دوسرے خطرات کے خلاف مکمل تعاون کا یقین دلائیں گے،نو سال بعد کوئی چینی رہنما پاکستان کی پارلیمنٹ سے مخاطب ہوگا صدر شی جن پنگ نے 2015 میں خطاب کیا تھا۔پاکستان کے دورے پر آرہے چین کے وزیراعظم لی شیانگ آئندہ پیر (14 اکتوبر) کو پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس سے خطاب کرینگے۔ حد درجہ قابل اعتماد سفارتی ذرائع نے بدھ کی شام جنگ /دی نیوز کو بتایا کہ اس خطاب کے حوالے سے تفصیلات طے کی جارہی ہیں اس بارے میں قطعی اعلان اسلام آباد اور بیجنگ سے جاری ہوگا۔ وزیراعظم لی نو سال بعد پاکستان کی پارلیمنٹ سے مخاطب ہونے والے پہلے سرکردہ رہنما ہیں قبل ازیں چین کے موجودہ شی جن پنگ نے 21 اپریل 2015ء کو پارلیمنٹ سے وزیراعظم نواز شریف کی حکومت میں خطاب کیا تھا جبکہ گیارہ سال بعد پاکستان کی پارلیمنٹ سے خطاب کرنے والے اولین وزیراعظم ہیں قبل ازیں وزیراعظم لی ویانگ نے 19 دسمبر 2010ء کو خطاب کیا تھا اس وقت پیپلزپارٹی کے سید یوسف رضا گیلانی ان کے ہم منصب تھے۔ قومی اسمبلی کے اسپیکر سردار ایاز صادق نے بدھ کو استفسار پر بتایا کہ میزبان وزیراعظم شہباز شریف مشترکہ اجلاس سے خطاب نہیں کرینگے۔ ذرائع نے بتایا کہ اسپیکر معزز چینی مہمانوں کے اعزاز میں استقبالیہ بھی ترتیب دینگے جس میں تمام پارلیمانی گروپس کے رہنماؤں کو مدعو کیا جائے گا۔چین کے وزیراعظم اسلام آباد میں اپنے قیام کے دوران صدر آصف علی زرداری، وزیراعظم شہباز شریف اور بعض سرکردہ سیاسی زعما کے علاوہ بری فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر سے بھی ملاقات کرینگے۔ وہ پاکستان اور چین کے درمیان طے شدہ معاہدوں پر دستخطوں کی تقریب میں شریک ہونگے۔ 

اہم خبریں سے مزید