• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انگلینڈ کے ریکارڈ 823 رنز، پاکستانی بیٹرز پرانی ڈگر پر لوٹ آئے، اننگز سے شکست نظر آنے لگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ملتان میں انگلش بیٹسمینوں کی تاریخ ساز کارکردگی کے بعد دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹرپرانی ڈگر پر لوٹ آئے ۔ پہلی اننگز میں556رنز بنانے والی پاکستانی ٹیم دوسری اننگز میں152رنز پر چھ وکٹیں گنوا گئی۔ شکست کے بادل منڈلا رہے ہیں۔ اننگز کی شکست سے بچنے کیلئے115رنز کی ضرورت ہے۔ جمعرات کو چوتھے دن انگلینڈ نے ہیری بروک کی ٹرپل سنچری اور جو روٹ کی ڈبل سنچری کی بدولت اپنی پہلی اننگز 7 وکٹ کے نقصان پر ریکارڈ ساز 823 رنز بناکر ڈیکلیئر کردی اور پاکستان پر 267 رنز کی برتری حاصل کی۔ پہلی اننگز کے سنچری میکرسلمان علی آغا49گیندوں پر41 اور عامر جمال27 رنز بناکر کریز پر موجود ہیں ۔ دونوں کے درمیان ساتویں وکٹ کی شراکت میں70رنز بن چکے ہیں۔ انگلش بیٹسمینوں نے پاکستانی بولروں کو تگنی کا ناچ نچا دیا۔ جبکہ اس کے کچھ دیر ہی بعد پاکستانی بیٹرز خوف سے کانپنے لگے۔عبداللہ شفیق، شان مسعود، بابر اعظم، محمد رضوان ، صائم ایوب اور سعود شکیل پویلین لوٹ چکے ہیں ۔انگلینڈ کے ہیری بروک نے317اور جو روٹ نے262رنز بنائے۔ پاکستانی فیلڈنگ مایوس کن رہی، چھ بولروں نے سو سے زائد رنز دیے۔ نسیم شاہ اور صائم ایوب نے 2،2 جب کہ شاہین آفریدی، عامر جمال اور سلمان علی آغا نے ایک، ایک وکٹ حاصل کی۔ ابرار احمد نے174، نسیم شاہ نے157، عامر جمال نے 126، شاہین آفریدی نے120، سلمان آغا نے 118 اور صائم ایوب نے 101رنزدیے۔ بابر اعظم اور سعود شکیل نے آسان کیچ چھوڑے۔ انگلش بیٹرنے متعدد ریکارڈز اپنے نام کیے۔ جو روٹ نے ٹیسٹ کیریئر کی چھٹی اور ہیری بروک نے پہلی ٹرپل سنچری اسکور کی۔ جو روٹ نے الیسٹر کک سے ایک اور ریکارڈ بھی چھین لیا وہ اب انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ ڈبل سنچریاں بنانے والے بیٹرز میں فہرست میں دوسرے نمبر پر آگئے ہیں۔ روٹ نے ٹیسٹ کرکٹ میں اپنا سب سے زیادہ رنز بنانے کا نیا ریکارڈ بھی قائم کرلیا، اس سے پہلے ٹیسٹ میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 254 رنز تھا جو انہوں نے 2016 میں پاکستان کے خلاف ہی بنایا تھا۔ دوسری جانب ہیری بروک پاکستان کے خلاف مسلسل چوتھی اننگز میں سنچری بنانے کا ریکارڈ پہلے ہی قائم کرچکے تھے ، وہ 322 گیندوں پر 317 رنز بناکر آؤٹ ہوئے جس میں 3 چھکے اور 29 چوکے شامل تھے۔ دوسری اننگز میں پاکستان کا آغاز انتہائی مایوس کن رہا ۔ اوپنر عبداللہ شفیق پہلی ہی گیند پر کرس ووکس کے ہاتھوں بولڈ ہوگئے۔ کپتان شان مسعود دو کیچز ڈراپ ہونے کے باوجود 11 رنز بناسکے۔ بابراعظم کی فارم بحال نہ ہوسکی ، وہ محض 5 رنز کے مہمان ثابت ہوئے، صائم ایوب کافی پرامید دکھائی دے رہے تھے ، انہوں نے 4 چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنالیے تھے تاہم غلط اسٹروک کھیل کر وکٹ گنوادی۔ محمد رضوان 10 جب کہ سعود شکیل 29 رنز پر ہمت ہارگئے۔ گس اٹکنسن اور برائیڈن کارس نے 2،2 جب کہ کرکس ووکس نے ایک وکٹ حاصل کی۔

اسپورٹس سے مزید