اسلام آباد (محمد صالح ظافر، خصوصی تجزیہ نگار)جیل میں عمران خان کو صحت کا کوئی مسئلہ درپیش نہیں ،بلڈ پریشر نارمل، ای سی جی معمول کے مطابق ہے خون میں شکر کی مقدار زیادہ نہیں چڑچڑا پن بڑھ گیا نفسیاتی مسائل پیدا ہو سکتے ہیں،چند ماہ قبل دانت کی تکلیف ہوئی اب اسے ٹھیک کر دیا گیا گزشتہ سال مارچ میں ضمانت قبل از گرفتاری کی درخواست میں پشت کی درد اور بواسیر کی شکایت کی تھی جیل آکر اس بارے نئی شکایت نہیں کی،بیرسٹر سیف سے تبصرے کے لئے رجوع کیا وہ دستیاب نہیں تھے،عمران کی صحت، خوراک، مصروفیات اور نفسیاتی کیفیت کی مکمل روداد، اڈیالہ جیل میں زیر حراست تحریک انصاف کے سابق چیئرمین عمران خان کو صحت کا کوئی سنگین مسئلہ درپیش نہیں ہے، جیل میں ان کے معمولات میں کوئی فرق واقع نہیں ہوا ان کا مشقتی کھانا حسب سابق تیار کرتاہے جسے جیل اسپتال کے ڈاکٹر خود کھا کر اس کے صحت بخش ہونے کی تصدیق کرتے ہیں جس کے بعد عمران کو دیا جاتا ہے اس حوالے سے ’’جنگ/دی نیوز‘‘ نے جیل حکام سے خیبر پختونخوا حکومت کے مشیر بیرسٹر سیف کے بیان کی روشنی میں رابطہ کیا جس میں انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ عمران خان کی جیل میں صحت بہت خراب ہوگئی ہے ۔