اسلام آباد (فاروق اقدس)سعودی وزیر نے کہا ہے کہ جہاز کا دروازہ کھلتے ہی پاکستان میں گرمجوشی کی فضا محسوس کی،پاکستان ہمارا دوسرا نہیں بلکہ اپنا ایک اور گھر ہے، ہم دوستوں کے نہیں بلکہ فیملی کے درمیان ہیں ،بزنس کونسل تقریب میں خالد بن عبدالعزیز نے پاکستان سے والہانہ وابستگی کا اظہار بے ساختگی سے کیا ، اسلام آباد میں سعودی پاکستان بزنس فورم کا انعقاد، اہم اور معاشی طاقت رکھنے والی سعودی اور پاکستانی شرکاء کی شرکت اور پھر سعودی وزیر سرمایہ کاری خالد بن عبدالعزیز الفالح کا پاکستان کی معیشت کے حوالے سے بہتری میں سعودی عرب کی خواہش اور عملی تعاون کے عزائم اور ادروں کیساتھ ساتھ پاکستان سے برادرانہ اور والہانہ وابستگی کے بے ساختہ اظہار نے تقریب کے ماحول میں جذبہ تازہ پیدا کر دیا پاکستان کے بارے میں خالد بن عبدالعزیزکے مختصر لفظوں میں پاکستان سے محبت کے اظہار کا ایک اہم پہلو یہ بھی تھا کہ انکی محبت لکھی ہوئی تحریر کی محتاج نہیں تھی بلکہ انہوں نے اپنے جذبات کا اظہار بے ساختہ اور اس روانی کیساتھ کیا کہ تمام شرکاء بار بار تالیاں بجانے اور ستائش کرنے میں دکھائی دیئے انہوں نے کہا میں یہ کہہ سکتا ہوں کہ ہم نے پاکستان کیساتھ تعلق اور دوستی کی گرمجوشی گزشتہ شب اس وقت شدت سے محسوس کی جب ہمارے جہاز کا دروازہ کھلا ایک خفیف سی زیرلب مسکراہٹ کیساتھ انکا کہنا تھا اس سے پہلے بھی ہم نے پاکستان کی فضا میں گرمجوشی محسوس کی ہے بلکہ ہم جب بھی یہاں آئے ہیں تو ہمیں محسوس ہوتا ہے کہ پاکستان ہمارا دوسرا گھر نہیں بلکہ ہمارا اپنا ایک اور گھر ہے اور ہم دوستوں کے درمیان نہیں بلکہ ایک فیملی کی طرح ہیں ۔