کراچی(اسٹاف رپورٹر)شہر قائد میں چلنے والے ہزاروں چنگچی رکشوںکے باعث ٹریفک مسائل کو گھمبیر ہوتے جارہے ہیں ،چنگچی رکشہ شہر میں جہاں ٹریفک جام کا سبب بن رہے ہیں وہیں ناتجربہ کار اور کم عمر ڈرائیوروں کی وجہ سے ٹریفک حاد ثات بھی بڑھنے لگے ہیں ،ٹریفک پولیس چنگچی رکشوں کے خلاف موثر اقدامات کرنے سے قاصر دیکھائی دے رہی ہے،تفصیلات کے مطابق شہرکی اہم شاہراہوں پرچلنے والے چنگچی رکشوں کے ڈرائیورز کی جانب سے ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی بھی معمول ہے ،جو شہر میں خوف ناک حادثات اور ٹریفک جام کا سبب بن رہے ہیں ،بلا روک ٹوک چلنے والے اکثر چنگچی رکشوں کی جانب سے نمبر پلیٹ، کاغذات اور نہ ہی ٹریفک رولز پر عمل درآمد کیا جاتا ہے ،اس کے باوجود ٹریفک پولیس کی جانب سےان چنگچی رکشوں کے خلاف موثر کارروائیاں دیکھنے میں نہیں آتی ،شہرکی اہم شاہراہوں کے بیچوں بیچ کھڑے کردئے جاتے ہیں ،شاہراہ فیصل ،ملیر قائد آباد،لانڈھی ،کورنگی ،شاہراہ فیصل، ماڈل کالونی ،شاہ فیصل کالونی ،گلستان جوہر،ڈالمیاروڈ،گلشن اقبال، سہراب گوٹھ ،واٹر پمپ،گلبرگ ،ناگن چورنگی ،سخی حسن، کریم آباد، لیاقت آباد،راشد منہاس روڈ ، لسبیلہ اور تین ہٹی سمیت شہر کی کوئی ایسی سڑک دیکھائی نہیں دیتی جہاں پر چنگچی رکشوں کے اسٹینڈ موجود نہ ہوں۔زیادہ رقم کی لالچ میں گنجائش سے زیادہ افراد کو چنگچی رکشے میں سوار کر دیا جاتا ہے جوقیمتی انسانی جانوں کے ضیاء کا سبب بنتا ہے،اس سلسلے میں موقف جاننے کے لئے کراچی ٹریفک پولیس کے ترجمان انسپکٹر سہیل سے رابطہ کیا گیا تو ان کا کہنا تھا کہ چنگی رکشوں کے خلاف کاررائیاں جاری ہیں اور اس میں مزید تیزی لائی جائے گی۔