کراچی (اسٹاف رپورٹر ) پی سی بی نے قومی سلیکشن کمیٹی کی از سر نو تشکیل کردی۔ کمیٹی میں سابق فاسٹ بولر عاقب جاوید، سابق ٹیسٹ کپتان اظہر علی، سابق امپائر علیم ڈار اور حسن چیمہ کا اضافہ کیا گیا ہے، پرانے سلیکٹر اسد شفیق بطور ووٹنگ ممبر شامل ہوں گے۔ کمیٹی کا پہلا اجلاس جمعے کو لاہور میں ہوا جس میں دوسرے ٹیسٹ کیلئے کھلاڑیوں پر غور کیا گیا۔ ذرائع کے مطابق دوسرے میچ کیلئے ٹیم میں اکھاڑ پچھاڑ کا قوی امکان ہے، امام الحق اور کامران غلام کی شمولیت یقینی ہے ، ان فٹ ابرار احمد کی جگہ نعمان علی کو شامل کیا جاسکتا ہے۔ معلوم ہوا ہے کہ سلیکٹرز ایک بڑے نام کو بھی آرام دینے کے حق میں ہیں۔