اسلام آباد ( رپورٹ :حنیف خالد ) پاکستان کے 14 اکتوبر سے شروع ہونے والے اپنے تین روزہ دورے کے دوران عوامی جمہوریہ چین کے وزیر اعظم نیو گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ کا وزیر اعظم محمد شہباز شریف کے ساتھ افتتاح کرینگے ۔ وزرائے اعظم پیر کو نیو گوادر ائر پورٹ کی سافٹ لانچنگ کرینگے رسمی افتتاح کی تقریب اسلام آبادمیں منعقد کرنے کی تیاریاں جاری ,با ضابطہ افتتاح دسمبر میں ہو گا لی کیانگ کے دورہ پاکستان میں سرمایہ کاری سمیت متعدد معاہدوں اور ایم او یوز پر بھی دستخط ہونگے اگر چہ اُن کا یہ تین روزہ دورہ چودہ سے سولہ اکتوبر کیلئے شیڈول کیا گیا ہے اور وہ کسی بھی روز نیو گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ کا افتتاح کر سکتے ہیں لیکن امکان ظاہر کیا گیا ہے کہ چین اور پاکستان کے وزرائے اعظم 14 اکتوبر کو نیو گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ کی سافٹ لانچنگ اسلام آباد میں کرینگے۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی ریگولر لانچنگ ( باضابطہ افتتاح) کی بھر پور تقریب دسمبر 2024 کو نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر منعقد کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا ہے ۔سرکاری حلقوں نے بتایا کہ چینی وزیر اعظم کا پیر کو شروع ہونے والا یہ دورہ دو مرحلوں میں ہوگا۔ 14 اکتوبر کو وزیر اعظم لی کیا نگ کا دن بےحد مصروف رہے گا جس کا آغاز وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ ملاقات سے ہوگا جو نور خان ائر بیس پر خود جا کر اپنے چینی بر اور وزیر اعظم لی کیا نگ کا استقبال کرینگے۔ وزیر اعظم ہاؤس پہنچنے پر چینی وزیر اعظم کو پاکستان کی بری بحری فضائی افواج کے چاک و چوبند دستے گارڈ آف آنرز پیش کرینگے اور سلامی دینگے۔ گارڈ آف آنرز کے معائنے کے بعد چینی وزیر اعظم اپنے پاکستانی ہم منصب کے ساتھ ون آن ون ملاقات کرینگے۔ بند کمرے میں ہونے والی اس ملاقات میں اور کوئی شخصیت موجود نہیں ہوگی ۔ ون آن ون ملاقات کے بعد دونوں وزرائے اعظم پاک چین باہمی دلچسپی کے امور، سی پیک فیز ٹو سمیت دونوں ملکوں کے درمیان تجارت، صنعت ، سرمایہ کاری، تعلیم، صحت کے شعبوں میں تعاون بڑھانے کے معاہدوں اور مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کی تقریب میں شریک ہونگے ۔دونوں ملکوں کے درمیان پہلے روز ایک درجن سے زائد معاہدوں، مفاہمت کی یادداشتوں پر دستخط کئے جا ئیں گے جن کے مسودے دونوں ملکوں کے حکام نے طویل صلاح مشوروں سے تیار کر لئے ہیں۔ گوادر انٹرنیشنل ہوائی اڈے کی سافٹ لانچنگ کی بین الاقوامی تقریب اسلام آبادمیں منعقد کرنے کی تیاریاں مکمل کی جا رہی ہیں ۔ 14 اکتو بر کو چینی وزیراعظم کا ایک روزہ باہمی دورہ قرار دیا گیا ہے اس لئے وہ آن سائٹ نیو گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ کا افتتاح کرنے نہیں جا سکیں گے۔ نیو گوادر انٹر نیشنل ائر پورٹ پر دسمبر 2024 میں بڑے سے بڑے مال بردار طیارے اور پاکستان کی داخلی اور انٹر نیشنل پروازیں دسمبر میں ہی شروع ہو جائیں گی۔15 اور 16 اکتوبر کو وزیر اعظم لی کیا نگ شنگھائی تعاون تنظیم کے سر براہان حکومت کی کونسل کی دوروزہ کانفرنس میں شرکت کرینگے جو اسلام آباد کے جناح کنونشن سنٹر میں منعقد ہوگی ۔صدر آصف علی زرداری اور وزیر اعظم شہباز شریف سر براہان حکومت آف ایس سی او کے اعزاز میں ضیافت دینگے۔ نیو گوادر بین الاقوامی ائر پورٹ کا افتتاح چین پاکستان اقتصادی راہداری (C-PEC) کیلئے اہم سنگ میل ثابت ہو گا۔ نیوگوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ پر پاکستان اور چین سمیت دونوں ملکوں کی وسطی ایشیائی، خلیجی ریاستوں، مشرق وسطی، جنوبی افریقہ یورپ، جنوبی امریکہ کیلئے کمرشل پروازیں کامیاب باب کھولیں گی۔ یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ جون 2024 ء میں ایک کیلی بریشن طیارے نے نیو گوادر انٹر نیشنل ائر پورٹ کے رن وے پر کامیاب لینڈنگ کی تھی ۔ اس رن وے پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار طیارے اے تھری ایٹ زیر وجو615 مسافروں کے ساتھ لینڈ اور ٹیک آف کر سکتے ہیں۔ اس رن وے پر دنیا کے سب سے بڑا کارگو ہوائی جہاز بھی لینڈ کر سکے گا جو اڑھائی سوٹن کار گولیکر آجا سکے گا۔ یہ دنیا کا سب سے بڑا روسی ساختہ طیارہ ہے۔ پاکستان سول ایوی ایشن اتھارٹی نے گوادر نیو انٹرنیشنل ائر پورٹ کے رن وے پر دنیا کے سب سے بڑے مسافر بردار اور مال بردار طیاروں کے کامیابی سے اتر نے اور ٹیک آف کرنے کو سی پیک کے وسیع تر تناظر میں ایک اہم پیشرفت قرار دیا گیا ہے۔ نیو گوادر انٹر نیشنل ائر پورٹ پاکستان کے جنوبی مغربی بندرگا ہی شہر گوادر کے نواح میں ایک گرین فیلڈ ائر پورٹ ہے جو پاکستان، سلطنت عمان اور چین کے درمیان جوائنٹ وینچر ہے۔ نیو گوادر انٹرنیشنل ائر پورٹ ملکی اور بین الاقوامی پروازوں کیلئے مکمل طور پر تیار ہے۔ یہ سی پیک کا ایک حصہ ہے۔ سی پیک 60 ارب ڈالر مالیتی توانائی اور بنیادی ڈھانچے کا پاک چین پراجیکٹ ہے اور چین کی ون بیلٹ ون روڈ انیشیٹیو کا پرچم بردار منصوبہ ہے جو کامیاب ہو رہا ہے۔ یہ انٹرنیشنل ائر پورٹ گردو نواح کے علاقوں پر ایک انقلابی اثر ڈالے گا۔ صوبہ بلوچستان اور اسکے ساحلی علاقے کے لوگوں کو معاشی معاشرتی اور روزگار کے فوائد حاصل ہونگے ۔ 43 سو ایکڑ پر محیط نیو انٹرنیشنل ائر پورٹ پاکستان کے سب سے بڑے ہوائی اڈوں میں سے ایک بننے والا ہے اور پاکستان کا دوسرا بڑا ہوائی اڈہ قرار پائے گا جو دنیا کے سب سے بڑے ائربس طیارے اے تھری ایٹ زیرو کی لینڈنگ اور ٹیک آف کی ضروریات کو پورا کیا کریگا۔