کراچی (اسٹاف رپورٹر) وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا ہے کہ سندھ کی نئی توانائی پالیسی کا جلد اعلان کیا جائیگا، پالیسی کے تحت صوبے کو توانائی کے شعبے میں خود کفیل بنانے کیلئے روایتی اور قابل تجدید ذرائع سے بجلی کی پیداوار میں مقامی اور بین الاقوامی سرمایہ کاروں کو ترجیح دی جائیگی،وفاقی حکومت یا آئی ایم ایف نے ان سے این ایف سی ایوارڈ یا 18ویں ترمیم پر کوئی بات نہیں کی، اسکے برعکس وفاقی حکومت نے کچھ وزارتیں ختم کرکے 18 ویں ترمیم پر عملدرآمد بھی شروع کردیا ہے۔ وزیراعلیٰ سندھ مقامی ہوٹل میں عالمی بینک کی ساؤتھ ایشیا ڈیولپمنٹ اپڈیٹ اور پاکستان ڈیولپمنٹ اپڈیٹ برائے اکتوبر 2024کے اجرا کی تقریب سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔