راولپنڈی (خبر نگار خصوصی)راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (آر سی سی آئی) کے صدر عثمان شوکت کی قیادت میں وفد نے گزشتہ روز پاکستان میں اردن کے سفارت خانے کا دورہ کیا اور پاکستان میں اردن کے سفیر ڈاکٹر معین خریسات سے ملاقات کی۔ اس موقع پر نائب صدر فہد برلاس اورممبر ایگزیکٹو کمیٹی فلک انجم بھی موجود تھیں۔ ملاقات میں دوطرفہ تجارت، سرمایہ کاری کے مواقع، نیٹ ورکنگ اور چیمبر ٹو چیمبر کنیکٹیویٹی اور تجارتی تعلقات کو بڑھانے اور دونوں ممالک کے درمیان تجارتی وفود کے دورے سے متعلق امور زیر بحث آئے۔ملاقات کے دوران پاکستان اور اردن کے درمیان دوطرفہ تجارتی اور اقتصادی تعلقات کو مزید فروغ دینے کے وسیع شعبوں پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔اردن کے سفیر ٖ ڈاکٹر معین خریسات نے کہا ہےکہ اردن پاکستان کے ساتھ اپنے تاریخی اور دوستانہ تعلقات کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور باہمی مفاد کے لیے اس کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو مزید بڑھانے کا خواہاں ہے۔انہوں نے کہا ہےکہ ان کا ملک سیاحت، زراعت، مہمان نوازی اور صحت کی خدمات سمیت مختلف شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو بڑھانے کے ذریعے پاکستان کے ساتھ اپنے تجارتی تعلقات کو وسعت دینے کا خواہاں ہے۔