اسلام آباد (ساجد چوہدری) 38کلومیٹر راولپنڈی رنگ روڈ جو تکمیلی مراحل میں داخل ہو رہی ہے ، کے دونوں اطراف 80ہزار پودے لگائے جائیں گے ، پارکس اینڈ ہارٹیکلچر ایجنسی راولپنڈی رنگ روڈ کے دونوں اطراف پودے لگانے کا کام کرے گی ،یہ کام رنگ روڈ کے دونوں اطراف بائونڈری ( افینس )لگنے کے بعد شروع ہو گا تاکہ پودوں کو تحفظ مل سکے ، مقامی پودوں کے علاوہ فروٹ کے پودے بھی لگائے جائیں گے ، منیجنگ ڈائریکٹر پی ایچ اے راولپنڈی احمد حسن رانجھا کے مطابق رنگ کے دونوں اطراف دس فٹ تک کے بڑے پودے لگائے جائیں گے ، دو کلومیٹر کے ایریاز میں ایک قسم کے پودے ہوں گے، اگلے دو کلومیٹر کے ایریاز میں دوسری قسم کے پودے لگائے جائیں گے ، اس میں فروٹ کے پودے بھی ہونگے جن میں جامن ، خوبانی ، لوکاٹ وغیرہ شامل ہوں گے، سواں اور نالوں کے قریب آنے والی جگہوں میں بانس بھی لگایا جائے گا ، باقی حصے پر پاپولر ،شیشم، پھلائی، دریک سمیت دیگر مقامی پودے لگائے جائیں گے ، انہوں نے بتایا کہ دو، دو کلومیٹر حصوں پر جب مختلف قسم کے پودے لگے ہوں گے تو رنگ روڈ پر سفر کرنے والوں کو ایک خوبصورت ویوو ملے گا اور ارد گرد کی آبادیوں کو بھی ایک اچھا ماحول مل سکےگا۔