• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سپر ہٹ فلم 'دی لیجنڈ آف مولا جٹ' کی شاندار نمائش کے دو سال مکمل

جیو فلمز، پروڈیوسر عمارہ حکمت اور نامور ہدایتکار بلال لاشاری کی سپر ہٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کی شاندار نمائش کے دو سال مکمل ہوگئے۔ 

کامیاب فلم کے 2 سال مکمل ہونے پر فلم کی پروڈیوسر عمارہ حکمت اور فلم ڈائریکٹر بلال لاشاری کی جانب سے خوشی کا اظہار کیا گیا ہے۔ انہوں نے اس کامیابی کو فلم شائقین کے نام کر رکھا ہے جبکہ اس حوالے سے شوبز حلقوں اور فلمی شخصیات کی جانب سے دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ٹیم کو مبارکباد بھی پیش کی جارہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان فلم انڈسٹری کی تاریخ ساز اور پاکستان سمیت دنیا بھر میں کامیابی کے جھنڈے گاڑنے والی سپر ہٹ فلم ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کو 2 برس قبل 13 اکتوبر کو ریلیز کیا گیا تھا اور یہ پاکستانی فلم انڈسٹری کی کامیاب ترین فلم ثابت ہوئی۔

بلاک بسٹر فلم دی لیجنڈ آف مولا جٹ کی ریلیز کو دو سال مکمل ہوگئے، فلم کے ہدایت کار بلال لاشاری نے حال ہی میں بالی ووڈ فلم فیسٹیول ناروے میں ’دی لیجنڈ آف مولا جٹ‘ کیلئے ’بہترین فلم ساز‘ کا ایوارڈ جیتا تھا اور انہیں ان کی خدمات پر پاکستان کے اعلیٰ سول ایوارڈ ستارہ امتیاز کیلئے بھی نامزد کیا گیا۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ 2022 میں برصغیر کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم بھی بن گئی، فلم نے ریلیز کے چوتھے ہفتے میں دنیا بھر میں اب تک کی سب سے زیادہ کمائی کرنے والی پنجابی فلم کے ریکارڈ توڑ ڈالے، اس سے پہلے یہ فلم کئی دوسرے ریکارڈ بنانے میں بھی کامیاب ہوچکی ہے اور اس کے نام بہت سے ٹائٹل ہیں جن میں سب سے زیادہ کمانے والی پاکستانی فلم بھی شامل ہے جبکہ یہ فلم برطانیہ، روس میں ریلیز ہونے کے بعد دنیا بھر میں 15 لاکھ سے زائد امریکی ڈالرز کا بزنس کرچکی ہے۔

دی لیجنڈ آف مولا جٹ میں فواد خان، ماہرہ خان، حمائمہ ملک، حمزہ علی عباسی، مرزا گوہر رشید، علی عظمت، صائمہ بلوچ اور فارس شفیع کے ساتھ شفقت چیمہ، نیئر اعجاز، ریشم، بابر علی اور راحیلہ آغا نے عمدہ کام کیا تھا۔

انٹرٹینمنٹ سے مزید