• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

SCO کانفرنس پر PTI احتجاج دشمن سوچ کا عکاس، اسلام آباد پر یلغار روکنے کیلئے طاقت استعمال کریں گے، حکمراں اتحاد

اسلام آباد(نیوز ایجنسی )حکومتی وزراء اور اتحادی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی دشمن کے ایجنڈے پر گامزن ہے، سب کچھ پلاننگ کے تحت ریاست کو کمزور کرنے کیلئے کیا جاتا ہے۔

شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے موقع پر پی ٹی آئی کا احتجاج دشمن سوچ کا عکاس ہے ، کسی کو احتجاج کی اجازت نہیں دیں گے، اسلام آباد پر یلغار روکنے کیلئے طاقت استعمال کریں گے۔

وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا ہے کہ ملکی بقا اور سلامتی ریڈ لائن ہونی چاہئے، جیل میں بیٹھا ایک شخص ملک کے خلاف سازش کررہا ہے۔

پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ غیر ملکی اعلیٰ سطحی وفود اور عالمی میڈیا کی موجودگی میں اسلام آباد میں تماشہ لگانا قابل مذمت ہے۔

وزیراعظم کے سیاسی امور کے مشیر رانا ثناء اللہ نے الزام عائد کیا کہ پاکستان تحریک انصاف سیاسی نہیں بلکہ ملک دشمن جماعت ہے، ایس سی او کے موقع پر احتجاج کرنے والوں کا بندوبست کیا جائے گا۔

وفاقی وزیر اطلاعات عطااللہ تارڑ نے واضح کیا کہ ایس سی او کانفرنس خوش اسلوبی سے آگے چلے گی، شرپسند عناصر کو رخنہ ڈالنے کا موقع نہیں ملے گا۔

مسلم لیگ (ن)کے سینیٹر عرفان صدیقی نے کہا کہ پی ٹی آئی کا ٹریک ریکارڈ خراب ہے، ذمہ دار سیاسی جماعت عالمی کانفرس کے دن احتجاج کی کال نہیں دیتی، تحریک انصاف عالمی دنیا کو نہایت منفی پیغام دے رہی ہے۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ تحریک انصاف جتھوں اور انتشار کی سیاست سے ملکی مفادات پر حملہ کر رہی ہے۔

تفصیلات کے مطابق وزیر دفاع خواجہ آصف نے سیالکوٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہاکہ پی ٹی آئی والے ملکی ترقی کا راستہ روکنا چاہتے ہیں، یہ لوگ ریاست کو بلیک میل کرکے بانی پی ٹی آئی کو رہا کرانا چاہتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ان کی سوچ بس یہ ہے بانی پی ٹی آئی نہیں تو کچھ نہیں، ایک صوبے کی تمام مشینری اور وسائل استعمال کیے گئے، ایک ہفتہ پہلے بھی اس جماعت نے اسلام آباد پر یلغار کی۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی ملک میں دہشت گردوں کو دوبارہ آباد کرایا، احتجاج کی کال پی ٹی آئی کی ملک دشمنی کا ثبوت ہے، ان کا صرف ایک ہی مطالبہ ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو رہا کیا جائے، پی ٹی آئی انتشار پھیلانے سے باز نہیں آرہی۔

خواجہ آصف نے کہا کہ پی ٹی آئی والوں نے کبھی دہشت گردی کی مذمت نہیں کی، یہ لوگ شہدا کے جنازوں میں شرکت نہیں کرتے، بانی پی ٹی آئی کی سازش کے تانے بانے ملک دشمنوں سے ملتے ہیں۔

انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی والے ایک بار پھر9مئی جیسا حملہ کرنا چاہتے ہیں، پی ٹی آئی والے نہیں چاہتے کہ پاکستان ترقی کرے، ملکی بقا اور سلامتی ہماری ریڈ لائن ہونی چاہیے، ملک میں آئین اور قانون کی بالادستی چاہتے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید