کوئٹہ(پ ر) کوئٹہ کا قدیم کاسی قبرستان جو وسیع و عریض رقبے پر محیط ہے متعلقہ حکام کی عدم توجہی کا شکار ہے ۔قبرستان میں کھلے عام منشیات کی خرید و فروخت ہو رہی ہے ‘ جبکہ جا بجا نشے کے عادی افراد نے ڈیرے جمائے ہوئے ہیں ‘قبرستان مزید قبرو ں کی گنجائش تقریبا"ختم ہو چکی ہے جس کے باعث گورگن پرانی قبروں پر قبریں تیار کر کے بھاری بھرکم رقم بٹور رہے ہیں ۔قبرستان میں جا بجا کوڑا کرکٹ بکھرا پڑا ہے جس سے قبرستان کا تقدس پامال ہو رہا ہے ۔جبکہ مختلف مقامات پر نوجوان کرکٹ اور فٹ بال بھی کھیلتے ہیں جس سے قبروں کی بے حرمتی ہوتی ہے ۔ قبرستان میں مختلف مقامات پر اسٹریٹ لائٹس نصب کی گئی تھیں جو غیر فعال ہیں جس کے باعث رات کے اوقات میں تدفین و فاتحہ کیلئے آنے والوں کو شدید مشکلات و پریشانی کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔ قبرستان میں جرائم پیشہ عناصر نے بھی ڈیرے ڈالے ہوئے ہیں منشیات کی خرید و فروخت کے علاوہ منشیات کے عادی افراد نشہ کرتے نظر آتے ہیں جبکہ یہی جرائم پیشہ عناصر رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھا کر قبروں پر فاتحہ یا تدفین کیلئے آنے والوں کو لوٹ بھی لیتے ہیں ۔ عوامی حلقوں نے ڈی آئی جی کوئٹہ عبدالحئی بلوچ سے مطالبہ کیا کہ قبرستان میں مستقل بنیادوں پر پولیس چوکی قائم کی جائے ۔