کوئٹہ(پ ر)امیر تنظیم اسلامی شجاع الدین شیخ نے کہا ہے کہ صہیونیوں نے گزشتہ ایک برس کے دوران غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری کرکے اپنا حقیقی شیطانی چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔ اسرائیلی درندگی کے خلاف مسلم ممالک کا عملی اقدام نہ کرنا افسوسناک ہے۔ اُنہوں نے کہا کہ میڈیا میں بتائے جانے والے اعدادوشمار کے مطابق اسرائیل نے 7اکتوبر 2023ء کے بعد سے غزہ پر مسلسل وحشیانہ بمباری کر کے بیالیس ہزار سے زائد مسلمانوں کو شہید کر دیا جن میں اکثریت بچوں اور عورتوں کی ہے۔ ایک لاکھ کے قریب شدید زخمی ہیں۔ غزہ میں بڑے پیمانے پر گھر، مساجد، ہسپتال، سکول اور پناہ گزین کیمپ تباہ کر دیئے گئے ہیں جس کے باعث 85% کے قریب آبادی کُھلے آسمان تلے زندگی گزارنے پر مجبور ہے۔ بنیادی ضروریاتِ زندگی کی شدید قلت ہے۔ لیکن ان انتہائی دگرگوں حالات کے باوجود غزہ کے مجاہدین اور غیور مسلمانوں نے صہیونیوں کے آگے سیسہ پلائی دیوار بن کر مسلمانوں کی عظمتِ رفتہ کی یاد تازہ کر دی ہے۔