• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہر ہسپتال بہترین چاہیے، کوتاہی برداشت نہیں کرونگی، وزیراعلیٰ مریم نواز

لاہور(خصوصی نمائندہ)وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے جوبلی ٹاؤن میں نجی ہسپتال کے نیو ایمرجنسی بلاک کا افتتاح کردیا، ریسیسی ٹیشن پیڈز، سی ٹی سکین، نرسنگ سٹیشن، انفارمیشن ڈیسک اور فیملی میڈیسن سینٹرز کا معائنہ بھی کیا،ہسپتال میں ایک خاتون نے پولیس کے خلاف داد رسی نہ کرنے کی شکایت کی، وزیر اعلیٰ نے ڈی آئی جی انویسٹی گیشن کو موقع پر طلب کر لیا اور شکایت کا فوری ازالہ کر کے رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔ ایمرجنسی وارڈ میں زیر علاج بچوں کی عیادت کی ، طریقہ علاج اور پیپر لیس ڈیش بورڈ سسٹم کا مشاہدہ کیا، زیر علاج زخمی نوجوان اور اسکے والد سے گفتگو کی اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔ خاتون کے مطالبے پر سپیشل افراد کیلئے بلڈنگز میں ریمپ کی تعمیر پر عملدرآمد کی یقینی دہانی کرائی، وزیر اعلیٰ نے مریضوں اور انکے تیمارداروں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے ہر ہسپتال کو بہتر سے بہترین کرنا چاہتے ہیں ، غفلت اور کوتاہی نہیں برداشت کی جاسکتی ، ائیر ایمبولینس سروس کی وجہ سے روزانہ قیمتی جان بچانے میں قابل قدر کامیابی حاصل کر رہے ہیں۔کرسی ذمہ داریوں کا بوجھ ہے، ایک اچھے فیصلے سے کروڑوں زندگیوں میں بہتری آرہی ہے۔ پنجاب میں پورے پاکستان سے علاج کے لئے مریض آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کے ہسپتالوں میں نوے فیصد تک مفت ادویات فراہم کی جارہی ہیں۔ ہارٹ اور بون میرو ٹرانسپلانٹ کے لیے انڈس ہسپتال سے اشتراک کار کریں گے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ رجب طیب اردگان ٹرسٹ کے تحت 70 لاکھ مریض مفت اور معیاری علاج سے مستفید ہو چکے ہیں۔وزیر اعلیٰ مریم نوازشریف نے سرکاری ہسپتالوں میں انڈس ٹرسٹ کی معاونت سے بہتری لانے کے لئے مشترکہ پلان طلب کر لیا۔ کمسن بچوں کی ہارٹ سرجری کیلئے مشترکہ اقدامات پر اتفاق کیا گیا۔ وزیر اعلیٰ نے مہاجر پرندوں کے عالمی دن پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ مہاجر پرندے قدرت کا انمول تحفہ ہیں جو زمینوں کی زرخیزی میں مددگار ثابت ہوتے ہیں ،قدرتی اور قیمتی اثاثہ کی حفاظت کے لئے پنجاب میں وائلڈ لائف فورس کا قیام عمل میں لایا جا رہا ہے۔ غیر قانونی شکار کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا جارہا ہے۔
لاہور سے مزید