راولپنڈی (نمائندہ جنگ) پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملے نے مضر صحت مرغیوں کا گوشت بیچنے والوں کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے ناقص گوشت تلف کردیا۔ وزیر خوراک پنجاب بلال یاسین کی زیرنگرانی پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گزشتہ روز باغ سرداراں کی مرغی منڈی میں 29 گاڑیوں میں لائی گئی 25ہزار کلو مرغیوں کی چیکنگ کی اس دوران 2ہزار کلو کم وزن، بیمار اور لاغر مرغیوں کو تلف کرتے ہوئے ملزمان کو 50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔ صوبائی وزیر کا کہنا تھا کہ مرغی کے گوشت کی فروخت میں کم وزن مرغیوں کا استعمال ممنوع ہے ۔صارفین پہلے سے ذبح شدہ مرغیوں کے گوشت کی خریداری سے پرہیز کریں ۔انہوں نے مرغی منڈیوں میں میٹ سیفٹی ٹیموں کو چیکنگ مزید سخت کرنے کی ہدایت کی، ان کا کہنا تھا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والے قانون اور انسانیت کے مجرم ہیں ایسے لوگوں سے کوئی رعایت نہیں کی جا سکتی۔