اسلام آباد(عاطف شیرازی، نامہ نگار) ایف بی آر نے بغیر اطلاع حکومت کی مقررہ کردہ اجرت سے بھی کم تنخواہ لینے والے غریب ملازمین کے موبائل نمبر اور اے ٹی ایم کارڈ بلاک کرنے شروعکر دیئے ۔ فائلر اور نان فائلر کے معاملہ میں ایف بی آر اپنی پھرتیاں دکھانے کے لئے غریب پرائیویٹ ملازمین اور دیہاڑی دار مزدوروں کے اے ٹی ایم کارڈ اور موبائل نمبر بلاک کرنے لگا۔ صارفین نے حیرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایف بی آر کے پاس یا توڈیٹا موجود نہیں یا اس کا نظام ناقص ہے۔ کئی ملازمین جو فوت ہو گئے ہیں اور ان کے موبائل نمبر لواحقین کے استعمال میں تھے کے نمبر بھی بلاک کر دیئے گئے ۔شہریوں نے چئیرمین ایف بی آر اور وزیر اعظم شہباز شریف سے معاملے کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔