• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنیٹر ناصر بٹ کی قیادت میں ڈینگی آگاہی واک

راولپنڈی (خبر نگار خصوصی) انسداد ڈینگی پروگرام کے فوکل پرسن سنیٹر ناصر بٹ کی قیادت میں فوارہ چوک سے لیاقت باغ تک ڈینگی آگاہی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف، افسران و عملے، سول سوسائٹی اور شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ واک کے شرکاء نے ڈینگی آگاہی بینرز، پوسٹرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے۔ اس موقع پر عوام میں ڈینگی سے متعلق آگاہی اور روک تھام کے پمفلٹس بھی تقسیم کئے گئے۔سینیٹر ناصر بٹ نے کہاہے کہ حکومت ڈینگی پر قابو پانے کے لئے پرعزم ہے، تاہم اس سے بچاؤ کے لئے کام کرنا پورے معاشرے کی اجتماعی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے عوام سے بھی درخواست کی ہےکہ وہ ڈینگی پر قابو پانے کے لئے سرکاری محکموں کے ساتھ تعاون کریں اور ان کی دی گئی ہدایات پر عمل کریں۔ انہوں نے یہ بھی اپیل کی ہےکہ اگر کسی مریض میں ڈینگی کی علامات ظاہر ہوں یا ڈینگی کی تشخیص ہو تو اسے بہتر علاج کے لئے فوری طور پر ہسپتال منتقل کیا جائے ۔انہوں نے کہا کہ تمام سٹیک ہولڈرز کی مربوط کوششوں سے ہم ڈینگی پر قابو پانے میں کامیاب ہوں گے ۔منیجنگ ڈائریکٹر واسا محمد سلیم اشرف نے کہاہے کہ واسا راولپنڈی ڈینگی پر قابو پانے کے لئے حکومت کی ہدایات کے مطابق پوری طرح پر عزم اور کام کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ واسا راولپنڈی روزانہ کی بنیاد پر صفائی، پانی کی لیکیجز کی مرمت اور کھڑے پانی کی نکاسی کا کام باقاعدگی سے کر رہا ہے۔بہتر اور موثر ڈینگی کنٹرول اور روک تھام کی سرگرمیوں کے لئے ڈسٹرکٹ ہیلتھ اتھارٹی اور ڈی سی آفس کے تعاون سے واسا نے اپنی خدمات اپنے دائرہ اختیار سے باہر کے علاقوں تک بڑھا دی ہیں۔ واسا راولپنڈی چک جلال دین سمیت ڈینگی سے بدترین متاثرہ یونین کونسلوں کو واٹر باؤزر کے ذریعے پانی فراہم کر رہا ہے۔
اسلام آباد سے مزید