بھارتی ریاست مہاراشٹر کے سابق وزیر اور نیشنل کانگریس پارٹی کے سینئر رہنما بابا صدیق کے قتل کے بعد ممبئی میں بالی ووڈ اداکار سلمان خان کے گلیکسی اپارٹمنٹ کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
واضح رہے کہ ہفتہ کی شام بابا صدیق کو ممبئی کے علاقے باندرہ کے نرمل نگر میں فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، جس کے بعد سلمان خان کے گھر کے باہر سیکیورٹی اہلکاروں کی تعداد میں اضافہ کردیا گیا۔
سلمان خان نے ہفتے کی رات لیلاوتی اسپتال جاکر بابا صدیق کے اہل خانہ سے ملاقات کی اور ان سے اظہار تعزیت کیا۔
خیال رہے کہ یہ واقعہ چند ماہ قبل سلمان خان کے گھر پر فائرنگ کے واقعے کے بعد سامنے آیا ہے۔
اپریل میں دو موٹر سائیکل سوار افراد نے سلمان خان کے باندرہ میں واقع رہائش گاہ کے باہر فائرنگ کی تھی، جنہیں بعد میں گجرات سے گرفتار کر لیا گیا تھا۔
بابا صدیق کو قتل کرنے سے متعلق اطلاعات سامنے آرہی ہیں کہ انہیں لارینس بشنوئی نے قتل کروایا، جبکہ لارینس بشنوئی گروپ نے ہی سلمان خان کے گھر کے باہر فائرنگ کی ذمہ داری قبول کی تھی۔ اسی کے پیشِ نظر سلمان خان کے گھر کے باہر سیکیورٹی سخت کردی گئی ہے۔
ادھر ممبئی پولیس نے بابا صدیق کے قتل کا مقدمہ نرمل نگر تھانے میں درج کیا ہے۔
پولیس نے دو ملزمان، گورمیل سنگھ (ہریانہ) اور دھرمرج کشیپ (اتر پردیش) کو گرفتار کرلیا ہے اور ان کی منصوبہ بندی سے متعلق چونکا دینے والے انکشافات کیے ہیں۔
مہاراشٹر کے وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اعلان کیا ہے کہ بابا صدیق کو ریاستی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کیا جائے گا۔