• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مشرق وسطیٰ تنازع بڑھنے پر برطانیہ میں ایران کا مجرمانہ نیٹ ورک فعال ہوسکتا ہے، سربراہ MI5

مانچسٹر(ہارون مرزا)برطانیہ کی خفیہ ایجنسی ایم آئی فائیو کے سربراہ ڈائریکٹر جنرل کین میک کیلم نے مشرقی وسطیٰ میں بڑھتے تنازع کے پیش نظر برطانیہ میں ایران کے مجرمانہ نیٹ ورک کے فعال ہونے کا خدشہ ظاہر کرتے ہوئے حکومت کو خبردار رہنے کا اشارہ دیا ہے۔ کین میک کیلم کا کہنا ہے کہ اگر مشرق وسطیٰ میں تنازع بڑھتا ہے تو ایران برطانیہ پر حملہ کرنے کیلئے اپنے مجرمانہ نیٹ ورک کو دوبارہ تیار کر سکتا ہے۔کائونٹرٹیررازم آپریشنز سینٹر میں ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایجنسی تہران حکومت کے بیرون ملک اپنے ہدف کو وسیع کرنے کے خطرات کیلئے متحرک ہے۔ دو سال سے بھی کم عرصہ قبل بھی اسلامی جمہوریہ اور روس سمیت دشمن ریاستوں کی جارحیت سے پیداہونے والے انتہائی حقیقی خطرے کو ظاہر کیا گیاتھا۔ ایم آئی فائیو کے سربراہ نے یہ بھی خدشہ ظاہر کیا کہ القاعدہ اور اسلامک اسٹیٹ آئی ایس آئی ایس کی جانب سے بھی دہشت گردی کے ممکنہ حملوں کا خطرہ موجود ہے جس سے نمٹنے کیلئے برطانوی حکومت اور اس کی سیکورٹی ایجنسیاں پوری طرح متحرک ہیں۔ مارچ 2017میں برطانیہ میں ہونے والے دہشت گردی کے حملوں کے بعد اب تک مجموعی طو رپر 50کے قریب دہشت گردی کی بڑی سازشوں کو بے نقاب کر کے ملک دشمنوں کا سر کچلا گیا۔ 2022کے بعد برطانیہ مسلسل خطرات میں گھرا ہوا ہے ،ایران موجودہ صورتحال میں اپنے نیٹ ورک کو اپنے اہداف پورے کرنے کیلئے متحرک کر سکتا ہے۔ ایم آئی فائیو ہر طرح کے خطرات سے نمٹنے کیلئے پوری طرح متحرک اور الرٹ ہے ۔ انہوں نے کہا کہ میرے کیریئر کے پہلے 20سال دہشت گردی کے خطرات سے بھرے ہوئے تھے۔ اب ہمیں ایک بڑی یورپی زمینی جنگ کے پس منظر میں ریاستی حمایت یافتہ تخریب کاری اور قتل کی سازشوں کا سامنا ہے ۔روس اور ایران نے برطانوی سرزمین پر اپنا کام کرنے کیلئے جرائم پیشہ افراد اور پرائیویٹ انٹیلی جنس افسران کو برطانیہ میں اپنے مقاصد کیلئے ماضی میں بھی استعمال کیا ہے ۔

یورپ سے سے مزید