• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

بابر، شاہین، نسیم اور سرفرار ڈراپ، سپر اسٹارز کی چمک ماند، لٹل اسٹارز پر بھروسے کا فیصلہ

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کرکٹ کے سپراسٹارز کی چمک ماند پڑنے پر سلیکٹرز نے لٹل اسٹارز پر بھروسہ کرلیا۔ طویل ملاقاتوں ،سوچ و بچار کے بعد نئی سلیکشن کمیٹی نے انگلینڈ کے خلاف بقیہ دو ٹیسٹ میچوں سے بابر اعظم، شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ کو ڈراپ کردیا، وکٹ کیپر سرفراز احمد بغیر کھیلے ٹیم میں جگہ برقرار رکھنے میں ناکام رہے۔ ان کی جگہ حسیب اللہ ، مہران ممتاز، کامران غلام ، فاسٹ بولر محمد علی، اور آف اسپنر ساجد خان کو شامل کیا گیا ہے۔ عاقب جاوید، اظہر علی اور علیم ڈار کی سلیکشن کمیٹی میں شمولیت کے بعد ٹیم میں بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کی گئی ہے۔ پہلے ٹیسٹ میں شکست کے بعد شان مسعود نے بولروں کی کارکردگی پر تنقید کی تھی۔ بابر اعظم گذشتہ18ٹیسٹ اننگز میں نصف سنچری نہیں بناسکے ۔2023 میں انجری سے واپس آنے کے بعد شاہین آفریدی نے گیارہ اننگز میں17وکٹیں 45کی اوسط سے حاصل کی تھیں۔ انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں 26اوورز میں ایک وکٹ120رنز دے کر حاصل کی۔ نسیم شاہ بھی مشکل میں دکھائی دیے۔ انہوں نے 31اوورز میں157رنز دے کر دو وکٹ حاصل کئے۔ اتوار کو سلیکٹرز نے آخری دو ٹیسٹ میچوں کیلئے اسکواڈ کا اعلان کر دیا ۔ اس سے قبل سلیکٹرز اور مینٹورز نے چیئرمین محسن نقوی سے میٹنگ کی۔ ڈینگی بخار میں مبتلا ابرار احمد انتخاب کیلئے دستیاب نہیں تھے۔ نعمان علی اور زاہد محمود کو بھی اسکواڈ میں شامل کیا گیا ہے۔ کھلاڑیوں میں شان مسعود (کپتان) سعود شکیل (نائب کپتان)، عامر جمال، عبداللہ شفیق، حسیب اللہ (وکٹ کیپر)، کامران غلام، مہران ممتاز، میر حمزہ، محمد علی، محمد ہریرہ، محمد رضوان (وکٹ کیپر)، نعمان علی، صائم ایوب، ساجد خان، سلمان علی آغا اور زاہد محمود۔ سلیکٹر عاقب جاوید کا کہنا ہے کہ انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ کیلئے ٹیم کا انتخاب مشکل کام رہا ہے۔ ہمیں کھلاڑیوں کی موجودہ شکل، سیریز میں واپسی کی عجلت اور پاکستان کے 2024-25 کے بین الاقوامی شیڈول پر غور کرنا تھا۔ پاکستان کرکٹ اور کھلاڑیوں کے بہترین مفاد میں بابر اعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین شاہ آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہمیں یقین ہے کہ بین الاقوامی کرکٹ سے اس وقفے سے ان کھلاڑیوں کو ان کی فٹنس، اعتماد اور سکون بحال کرنے میں مدد ملے گی۔ یقین کرتے ہیں کہ حسیب اللہ، مہران ممتاز، کامران غلام ، محمد علی، نعمان علی، ساجد خان اور زاہد محمود اس موقع کا بھرپور فائدہ اٹھائیں گے۔