• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محسن نقوی کی شہباز شریف سے ملاقات، کانفرنس کی تیاریوں پر بریفنگ

اسلام آباد(نمائندہ جنگ /ایجنسیاں)وزیر داخلہ محسن نقوی نے لاہور میں وزیراعظم شہباز شریف سے اہم ملاقات کی۔

 ذرائع کے مطا بق ملاقات میں وزیر داخلہ نے ایس سی او کانفرنس کی تیاریوں سے متعلق وزیر اعظم کو بریفنگ دی جبکہ سکیورٹی صورتحال پر بھی مشاورت کی گئی‘علاوہ ازیں چین کے وزیراعظم لی کی چیانگ کےدورہ پاکستان کے حوالے سے کئی منصوبوں پر ورکنگ مکمل کرلی گئی ‘ گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کے افتتاح ‘ قراقرم ہائی وے کی تعمیر کے لیے دو ارب ڈالرز کے قرض سمیت مختلف معاہدوں کا امکان ہے‘.

ادھر وفاقی وزیر اطلاعات عطاءاللہ تارڑکا کہنا ہے کہ ایس سی او سمٹ پاکستان کے لئے گیم چینجر ثابت ہوگی جبکہ ترجمان دفترخارجہ ممتاز زہرابلوچ نے کہاہے کہ بھارتی وزیر خارجہ یا ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے کسی رکن کے ساتھ پاکستان کی جانب سے کوئی ملاقات طے نہیں کی گئی۔ 

ذرائع کے مطابق چینی وزیراعظم کے دورہ کے موقع پر نیو گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی سافٹ لانچنگ بھی متوقع ہے جبکہ کوہالہ ہائیڈرو پاور پروجیکٹ اور آزاد پتن ہائیڈرو پاور پراجیکٹ سے متعلق پیش رفت کا امکان ہے، گوادر کول پاور پلانٹ متعلق بھی حکومت فنانشل کلوز معاہدے کی خواہاں ہے۔

ذرائع کے مطابق چین سمندر میں موجود تیل اور گیس کے ذخائر کے منصوبے میں معاہدہ چاہتا ہے، ریلوے کے سب سے بڑے اور اہم ترین پراجیکٹ ایم ایل ون پر کوئی پیش رفت کا امکان نہیں ہے۔اس موقع پر چین کو گوشت برآمد کرنے سے متعلق پروٹوکول سائن ہونے کا امکان ہے، قراقرم ہائی وے کی تعمیر کیلئے 2ارب ڈالرز کے قرض متعلق معاہدہ متوقع ہے، اسٹیٹ بینک اور چینی سینٹرل بینک کے درمیان کرنسی سوآپ معاہدے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق پاکستان چین سے خریدی گئی اشیاکی ادائیگی یوآن میں اور چین پاکستان سے خریدی گئی اشیا کی ادائیگی روپے میں کرسکے گا۔دریں اثناءترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ بھارتی وزیر خارجہ یا ان کے ہمراہ آنے والے وفد کے کسی رکن کے ساتھ پاکستان کی جانب سے کوئی ملاقات طے نہیں کی گئی۔

 یہ بات وزارت خارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلوچ نے اتوار کو ایک انٹرویو میں کہی تاہم ذرائع سے معلوم ہوا ہے کہ اگر ایس سی او میں شرکت کیلئے آنے والے مہمانان گرامی سائیڈ لائن پر غیر رسمی ملاقاتیں کرتے ہیں تو اس کیلئے میزبان ملک کی حیثیت سے پاکستان سفارتی آداب کو ملحوظ رکھتے ہوئے انہیں مطلوبہ سہولتیں فراہم کرے گا۔مزیدبرآںچین کے وزیراعظم لی کی چیانگ14سے17اکتوبر تک پاکستان کے سرکاری دورے پر آ رہے ہیں، چینی وزیراعظم کے ساتھ وزرا اور اعلیٰ حکام بھی ہوں گے۔ 

شہباز شریف اور وزیراعظم لی چیانگ کی قیادت میں دونوں ملکوں کے وفود پاک چین تعلقات کے تمام پہلوؤں بشمول اقتصادی اور تجارتی روابط اور سی پیک کے تحت تعاون پر جامع تبادلہ خیال کریں گے ۔ 

فریقین علاقائی اور عالمی صورت حال پر بھی گفتگو کریں گے۔ چینی وزیراعظم پاکستان کے صدر آصف علی زرداری، پارلیمانی رہنماؤں اور پاکستان کی اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ ملاقاتیں کریں گے۔

اہم خبریں سے مزید