اسلام آباد،لاہور (ایجنسیاں، نمائندہ جنگ) جے یو آئی اور جماعت اسلامی نے پی ٹی آئی سے15اکتوبر کا احتجاج مئوخر کرنے کی اپیل کردیاسد قیصر نے کہا کہ سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلارہے ہیں وہی حتمی فیصلہ کریگی ،وقاص اکرم نے کہا پارٹی میں اکثریت کو عمران خان کی صحت کے بارے میں تشویش ہے۔
تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور سابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے بیان میں کہا کہ مولانا فضل الرحمٰن سے ٹیلی فونک رابطہ ہوا اور ان سے اسلام آباد میں احتجاج ملتوی کرنے کے حوالے مشاورت کی.
مولانا صاحب نے شنگھائی کانفرنس کے تناظر میں 15 اکتوبر کا احتجاج مؤخر کرنے کی اپیل کی ہے اور انہوں نے عمران خان کو طبی سہولیات فراہم کرنے اور انکے ذاتی معالج کو رسائی دینے کا مطالبہ کیا ہے،میں نے مولانا فضل الرحمٰن کو یقین دلایا ہے کہ سیاسی کمیٹی کا اجلاس بلارہے ہیں انکی تجاویز پارٹی کے سامنے پیش کرونگا مشاورت کے بعد وہی حتمی فیصلہ کریگی انہیں پارٹی فیصلے سے آگاہ کیا جائیگا۔