کراچی(اسٹاف رپورٹر )سندھ کے وزراء شرجیل میمن اور ناصر حسین شاہ نے کہا کہ پاکستان تحریک انصاف اپنا سیاسی احتجاج ایس سی او کانفرنس کے بعد تک موخر کرے ، عمران اسرائیل گٹھ جوڑ ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کیلئے سرگراں ہے ۔ تفصیلات کے مطابق سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ عمران اسرائیل گٹھ جوڑ ایس سی او کانفرنس کو سبوتاژ کرنے کے لئے سرگرداں ہے، بانی پی ٹی آئی پاکستان میں سیاست نہیں بلکہ صیہونی مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں، عمران خان کے تل ابیب کے ساتھ روابط ملک دشمن قوتوں کی جانب سے ایس سی او کو سبوتاژ کرنے کی مربوط کوششوں کا حصہ ہیں۔ادھر صوبائی وزیر سید ناصر حسین شاہ نے شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کے موقع پر اپنےپیغام میں کہا ہے کہ شنگھائی تعاون تنظیم کانفرنس کی میزبانی ملک اور قوم کےلیے اعزاز ہےسربراہی اجلاس کے موقع پر ہمیں سیاسی مفادات سے بالاتر ہو کر ملکی وقار کا سوچنا چاہیےکانفرنس میں اہم ممالک کی قیادت ہوگی، ہمیں مہذب قوم جیسا برتاؤ کرنا چاہیے۔