کراچی(افضل ندیم ڈوگر) بھارتی وزیراعظم نریندرا مودی کی نسبت بھارتی صدر دروپدی مرمو نے الجزائر کے سات روزہ دورے پر جاتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود استعمال کرنے سے گریز کیا اور وہ طویل فضائی روٹ اختیار کرتے ہوئے الجزائر پہنچیں۔ ایوی ایشن ذرائع کے مطابق بھارتی صدر الجزائر جانے کیلئے خصوصی طیارے میں اتوار کی صبح ساڑھے 10 بجے دہلی سے روانہ ہوئیں۔ عام طور پر الجزائر جانے کیلئے پاکستان کی فضائی حدود استعمال کرتے ہوئے ایران کا فضائی روٹ فضائی روٹ اختیار کیا جاتا ہے مگر بھارتی صدر کے طیارے کیلئے ایسا نہیں کیا گیا بلکہ انڈیا ون بوئنگ 777طیارہ دہلی سے اڑان کے بعد جے پور، گجرات اور احمد آباد کے قریب سے ہوتے ہوئے پاکستانی فضائی حدود کے ساتھ ساتھ سفر کرکے عمان کی حدود میں داخل ہوا۔ جس کے بعد یہ خصوصی پرواز سعودی عرب، مصر، لیبیا اور ٹونیشیا سے ہوتے ہوئے الجزائر پہنچی۔ بھارتی صدر دروپدی مرمو تین ملکوں الجزائر، موریطانیہ اور ملاوی کے ایک ہفتہ طویل دورے پر الجزائر پہنچی ہیں۔کیا۔ صدر جمہوریہ ہند کا تین افریقی ممالک کا یہ پہلا دورہ ہوگا۔ یہ دورہ ہندوستان کی صدارت کے دوران افریقی یونین کو G20کا مستقل رکن بنائے جانے کے ایک سال بعد ہوا ہے۔