• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چینی وزیراعظم، تاریخی آمد، 13 معاہدے، گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح، وزیراعظم، آرمی چیف سے ملاقاتیں

اسلام آباد (نمائندہ جنگ )چینی وزیراعظم لی چیانگ کی 11سال بعد تاریخی دورے پر پاکستان آمد‘نورخان ایئربیس پر پرتپاک خیرمقدم ‘21 توپوں کی سلامی ‘وزیراعظم ہائوس میں باضابطہ استقبالیہ تقریب کا انعقاد ‘گارڈ آف آنر پیش ‘ دونوں ممالک کے مابین سکیورٹی‘ تعلیم‘ زراعت ‘ مواصلات‘ صنعت وتجارت ‘ انسانی وسائل کی ترقی ‘ سائنس و ٹیکنالوجی کرنسی کے تبادلے سمیت متعدد شعبوں میں13 مفاہمت کی یاد داشتوں اور معاہدوں پر دستخط ‘گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح ‘وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقاتیں ‘ چینی وزیراعظم نے جنرل عاصم منیر سے گرمجوشی سے مصافحہ کیاجبکہ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ گوادر نہ صرف علاقائی ترقی کا محور بلکہ پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہےجبکہ لی چیانگ نے کہاکہ چین پاکستان کی ترقی کیلئے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا‘ پاکستان کے عوام کی خوشحالی ہمارے دل کے قریب ہے۔تفصیلات کے مطابق پیر کوشہبازشریف اور لی چیانگ کے درمیان وزیراعظم ہائوس میں وفود کی سطح پر ملاقات اور بات چیت ہوئی ۔

 دونوں رہنمائوں نے بنیادی نوعیت کے تمام امور پر ایک دوسرے کی حمایت کا اعادہ کیا اور چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) فیز 2 کی اعلیٰ معیار پر ترقی کے لیے عزم کا اظہار کیا ۔

 دونوں رہنمائوں نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ سی پیک کے تحت تعاون ایک نئے مرحلے میں داخل ہو چکا ہے۔ شہباز شریف نے پاکستان میں چینی باشندوں اور منصوبوں کی حفاظت کو یقینی بنانے کے لیے پاکستان کے غیر متزلزل عزم کا یقین دلایا۔ 

ملاقات میں چینی صنعت کی پاکستان میں ری لوکیشن کے حوالے سے بات چیت ہوئی اور پاکستان میں چینی سرمایہ کاری بڑھانے کے حوالے سے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا‘بات چیت کے بعد وزیر اعظم ہائوس میں منعقدہ تقریب میں ایم او یوز‘ معاہدوں اور دستا ویزات کا تبادلہ کیا گیاجبکہ شہباز شریف اور لی چیانگ نے نیو گوادر ایئرپورٹ کا ورچوئل افتتاح کرتے ہوئے قرار دیا ہے کہ گوادر نہ صرف علاقائی ترقی کا محور بلکہ پاکستان کیلئے گیم چینجر کی حیثیت رکھتا ہے‘ مشترکہ مستقبل اور ہمہ جہت ترقی کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔

 ان خیالات کا اظہار انہوں نے وزیراعظم ہائوس میں نیوگوادر انٹرنیشنل ایئر پورٹ کی تکمیل کی ورچوئل تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا‘شہباز شریف نے کہا کہ دوطرفہ معاہدے دونوں دوست ممالک کے درمیان نئے باب کا اضافہ ہے‘پاکستان کی ترقی کیلئے چین کے پختہ عزم کے معترف ہیں‘ گوادر ایئرپورٹ کا تحفہ دینے پرصدر شی جن پنگ، چینی عوام کا شکرگزار ہوں‘گوادر ایئرپورٹ سے نہ صرف گوادر بلکہ پورا ملک ترقی کرے گا‘یقین دلاتا ہوں کہ نہ صرف سی پیک کے دوسرے مرحلے پر عملدرآمد بلکہ چین اور پاکستان کے عوام کی امن و سلامتی کیلئے آپ کے ساتھ مل کر کام کروں گا۔چین کی جانب سے پاکستان کیلئے یہ یادگار تحفہ ہمیشہ یاد رہے گا۔

 چین کے وزیراعظم نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چینی اور پاکستانی ورکرز نے اس منصوبے کو پایہ تکمیل تک پہنچانے کیلئے دن رات کام کیا، ان کی کاوش قابل تحسین ہے، گوادر انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تکمیل اہم سنگ میل ہے‘گوادر علاقائی ترقی کا محور ہونے کے ساتھ دونوں ممالک کے درمیان مضبوط دوستی کا عکاس ہے‘ دونوں ممالک کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت داری وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مضبوط ہو گی‘ مشترکہ مستقبل اور ترقیاتی اہداف کیلئے ہمارا عزم غیر متزلزل ہے۔ 

قبل ازیں چین کے وزیر اعظم لی چیانگ پیر کو چار روزہ دو طرفہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے ۔ چینی وزیر اعظم دورے کے دوران ملک کی اعلیٰ سول اور فوجی قیادت سے ملاقاتیں کریں گے اور شنگھائی تعاون تنظیم کی حکومتی سربراہان کی کونسل کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔

 چین کے وزیراعظم کے ہمراہ وزراء اور اعلیٰ حکام پر مشتمل ایک اعلیٰ سطح کا وفد بھی ہے جس میں وزارت خارجہ و تجارت، نیشنل ڈویلپمنٹ اینڈ ریفارم کمیشن اورچین کی بین الاقوامی ترقیاتی ایجنسی کے افسران بھی شامل ہیں ۔ چین کے کسی بھی وزیر اعظم کا گزشتہ 11 سال بعد پاکستان کا یہ پہلا دورہ ہے۔

نورخان ائیربیس پہنچنے پروزیر اعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیر اعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی کابینہ کے دیگر اراکین اور اعلیٰ سرکاری حکام نے لی چیانگ کا پرتپاک خیرمقدم کیا۔ 

اس موقع پرروایتی پاکستانی لباس میں ملبوس دو بچوں نے معزز مہمان کو گلدستے پیش کیے جبکہ مہمان وزیراعظم کو 21 توپوں کی سلامی دی گئی ۔ پاکستان کی مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے نے معزز مہمان کو سلامی پیش کی۔

 چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی پاکستان کی عسکری قیادت سے اہم ملاقات ہوئی ہے جس میں دہشت گردی کیخلاف جنگ میں مکمل حمایت کی یقین دہانی کرائی گئی۔

 پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق شنگھائی تعاون تنظیم کے سربراہی اجلاس میں شرکت کیلئے آئے چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی اعلی سطح کے وفد کے ہمراہ پاکستانی عسکری حکام سے اہم ملاقات ہوئی ہے۔

 چین کے وزیراعظم لی چیانگ نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی، سروسز چیفس کے ساتھ اہم ملاقات کی، جس میں پاکستان اور چین کے درمیان دیرینہ تعلقات کو مزید مضبوط اور وسعت دینے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ ملاقات میں چین اور پاکستان کے درمیان دفاع اور دہشتگردی کے حوالے سے امور بھی زیر بحث آئے۔ 

چین کے وزیراعظم نے دہشت گردی کیخلاف جنگ میں پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا اور اس جنگ میں پاکستان کی مکمل حمایت اور مدد کی یقین دہانی بھی کرائی۔

اہم خبریں سے مزید