کراچی (بابر علی اعوان /اسٹاف رپورٹر) چین کے ڈاکٹر نے پانچ ہزار کلو میٹر دور بیٹھ کر مریض کی ریموٹ روبوٹک سرجری کرکے نیا کارنامہ اور تاریخ رقم کر دی ۔ اس آپریشن کو طب کا معجزہ قرار دیا جا رہا ہے۔ ریموٹ آپریشن کے ذریعے شنگھائی چیسٹ اسپتال کے ڈاکٹر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ پانچ ہزار کلو میٹر دور شمال مغربی چین سنکیانگ ایغورکے خودمختار علاقے کاشی کے سرکاری اسپتال میں داخل مریض کے پھیپھڑوں سے ایک گھنٹے میں ٹیومر نکال دیا۔ غیر ملکی جریدوں کے مطابق ٹیومر نکالنے کے لئے مقامی طور پر تیارہ کردہ فائیوجی سرجیکل روبوٹ استعمال کیا گیا۔ ملک کے ایک حصے میں بیٹھے ڈاکٹر نے ملک کے دوسرے حصے میں داخل مریض کا آپریشن جدید ٹیکنالوجی کے استعمال اور طویل تحقیق کے بعد کیا۔ آپریشن کے وقت سرجن ڈاکٹر لووکنگ کوانگ شنگھائی میں موجود تھے جبکہ مریض اور سرجیکل روبوٹ تقریباً 5 ہزار کلومیٹر دور موجود تھے۔ سرجن ڈاکٹر لوو کنگ کوانگ نے تھری ڈی ڈسپلے اسکرین اور ایک ماسٹر کنٹرولر کا استعمال کرتے ہوئے سرجیکل کنسول سے روبوٹ کو آپریٹ کیا، وہ مریض کے سینے کی ریئل ٹائم تصاویر دیکھتے رہے اور روبوٹ کے بازو کو استعمال کرتے رہے۔