کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ کے سینئر وزیر وصوبائی وزیر ٹرانسپورٹ شرجیل انعام میمن نے ایک مرتبہ پھر ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کرنے کا حکم دیتے ہوئےکہا ہے کہ یہ منصوبہ کراچی کے لیے گیم چینجر ہے، ہمیں ہر حال میں اس کی بروقت تکمیل یقینی بنانا ہے، یہ منصوبہ سندھ حکومت کے لیے اولین ترجیح ہے، ریڈ لائن بی آر ٹی پر شب و روز کام کرکے کام میں تیزی لائی جائے اور عوامی منصوبہ ٹائم لائن سے پہلے مکمل کیا جائے، اس منصوبےکا مقصد ٹریفک دباؤ کم کرنا اور لاکھوں کراچی والوں کے لیے ایک پائیدار اور قابل اعتماد ٹرانسپورٹ کا حل فراہم کرنا ہے۔وہ پیر کو یہاں اپنے دفتر میں ریڈ لائن بی آر ٹی منصوبے پر محکمہ ٹرانسپورٹ اور متعلقہ اسٹیک ہولڈرز کے ایک اعلیٰ سطح کے اجلاس کی صدارت کررہے تھے، جس میں سیکریٹری ٹرانسپورٹ اسد ضامن، سی او ٹرانس کراچی شمائلہ محسن، بین الاقوامی کنسلٹنٹس ، کنٹریکٹرز اور دیگر نے شرکت کی۔