• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی، تجاوزات کیخلاف وزیراعلیٰ کی زیرصدارت ایک اور اجلاس، پہلے 2 اجلاس بے نتیجہ

کراچی ( اسٹاف رپورٹر) کراچی سے تجاوزات کے خاتمے کے لئے وزیر اعلیٰ کی زیر صدارت ایک اور اجلاس ،پہلے 2 اجلاس بے نتیجہ،وزیر اعلیٰ کے احکامات نظر انداز،شہری انتظامیہ نے وزیر اعلیٰ کی ہدایات پر عمل نہیں کیا، وزیراعلیٰ کا شہر میں انفرا اسٹرکچر کی خراب صورتحال پر اظہار تشویش، منگل کو تجاوزات کے خاتمے کے لئے منعقدہ تیسرے اجلاس میں وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کہا کہ عوامی مقامات، گرین بیلٹس، سڑکوں، گلیوں اور فٹ پاتھ پر تجاوزات ناقابل برداشت ہیں، شہر سے تجاوزات کا خاتمہ کر کے عوامی مقامات کو اصل شکل میں لایا جائےآج ہی 10 سے 15 روڈ بتائیں اور تجاوزات ہٹائیں، کراچی میں تجاوزات ہٹانے کےلیے ٹاسک فورس قائم، نشہ کرنے والوں کے خلاف بھی کریک ڈاؤن کی ہدایت، برتھ سرٹیفکیٹ کی فیس ختم ، غیرقانونی پارکنگ کے خلاف بھی آپریشن کی ہدایت ۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کی زیر صدارت شہر کراچی کے ترقیاتی کاموں اور دیگر مسائل پر اہم اجلاس منگل کو وزیر اعلیٰ سندھ کی زیر صدارت وزیر اعلیٰ ہاوس میں منعقد ہوا ،جس میں صوبائی وزراء، شرجیل میمن، سعید غنی، میئر کراچی مرتضیٰ وہاب، چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ، کمشنر کراچی حسن نقوی، سیکریٹری توانائی مصدق خان، سیکریٹری بلدیات خالد حیدر شاہ، سیکریٹری خزانہ فیاض جتوئی، سیکریٹری ٹو سی ایم رحیم شیخ، ایڈیشنل آئی جی کراچی جاوید عالم اوڈھو، ایم ڈی سولڈ ویسٹ مینجمنٹ امتیاز شیخ، ڈی جی سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی رشید سولنگی، ڈی جی کراچی ڈولپمنٹ اتھارٹی شجاع، ایس ای او واٹر بورڈ صلاح الدین اور دیگر نے شرکت کی ، اجلاس کے دوران مراد علی شاہ نے کراچی کے انفرا اسٹرکچر کی خراب صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اورکہا کہ جاری ترقیاتی منصوبے، تباہ حال سڑکیں، نکاسی کے مسائل ، غیرقانونی پارکنگ اور بےہنگم تجاوزات شہر میں ٹریفک جام کی بڑی وجوہات ہیں۔ انہوں نے وزیر بلدیات سعید غنی کی زیر قیادت ٹاسک فورس کو متاثرہ علاقوں میں فوری کارروائی کا حکم دے دیا۔ مراد علی شاہ نے نشاندہی کی کہ نشے کے عادی افراد پبلک انفرا اسٹرکچر کو نقصان پہنچاتے ہیں، نشئی افراد لوہا، اسٹریٹ لائٹس کے کھمبے اور دیگر سامان اکھاڑ کر لے جاتے ہیں جس سے عوامی مقامات برباد ہو رہے ہیں۔ وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ وہ چاہتے ہیں کہ پلوں کے نیچے اور جھگیوں سے نشے کے عادی تمام افراد کو ہٹایا جائے۔ پلوں کے لوہے اور اسٹریٹ لائٹس کی چوری سے نہ صرف وہ شہر کو بدصورت بنا رہے ہیں بلکہ ہماری ترقیاتی کوششوں کو بھی نقصان پہنچا رہے ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ ایسی چوریاں روکنے کےلیے سول ادارے مستعدی کا مظاہرہ کریں ۔ اجلاس میں سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی کے ڈائریکٹر رشید سولنگی نے وزیراعلیٰ کو بتایا کہ ان کی ہدایت کے مطابق تمام معاملات کی منظوری کےلیے کیو آر کوڈ کا اجرا کردیا گیا ہے۔ اس وقت 425 زیر تعمیر عمارتوں میں سے 201 کو کیو آر کوڈ کے ذریعے پرمٹ جاری کیے گئے ہیں جس سے نگرانی اور نظم کے معاملات مزید بہتر ہوں گے۔
اہم خبریں سے مزید