اسلام آباد (خالد مصطفیٰ) پی ایس او کے بورڈ آف مینجمنٹ کو بد عنوانی سے روکنے کےلیے سخت ضابطہ کار لاگو کردیا گیا ۔ جس میں تحائف وصول کرنے پر پابندی اور حساس معلومات کا فشا روکنا شامل ہے ۔ یہ ضا بطہ ایس او ای ایکٹ کے تحت نافذ کیا گیا ہے ۔ پیٹرولیم ڈویژن کے ایک سینئر افسر کے مطابق اس سلسلے میں پی ایس او بورڈ آف مینجمنٹ سے وابستہ افسران کو اس ضا بطہ کار پر دستخط کرنے ہوں گے۔ اور خلاف ورزی پر انہیں نیب یا ایف آئی اے کی جانب سے کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔ دستیاب سرکاری دستاویزات کے مطابق اس کا مقصد اخلاقی رویوں کا بلند معیار اور پیشہ ورانہ دیانت داری کو بورڈ آف مینجمنٹ میں برؤے کار لانا ہے ۔ اس کا مقصد پی ایس او میں شفافیت احتساب اور حسن انتظام کو فروغ دینا ہے ۔ بورڈ ارکان کو بد عنوانی کو تمام اشکال میں مسترد کرنا ہوگا ۔ کوئی بھی بورڈ ممبر فنڈز ‘ قرضے‘ یا کوئی نا جائز حمایت یا تر جیحی سلوک کے طور پر کاروباری مفادات یا اثاثے وصول نہیں کرے گا ۔ ایسی سہولتیں نہیں لے گا جو بورڈ کے فیصلوں پر اثر انداز ہو ئیں کمپنی سے معاملات کرنے والا کسی بھی فرد سے بورڈ رکن یا اس کے خاندان کے ارکان کوئی تحفہ نہیں لیں گے۔ جس سے بورڈ ارکان کی حسن کار کردگی میں فرق آتا ہو۔