• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

شہباز، جے شنکر، ڈار ملاقات، جے شنکر کی خوشگوار ماحول میں وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے گفتگو، مذاکرات میں کرکٹ سے شروعات

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے شنگھائی تعاون تنظیم میں شریک سربراہان مملکت اور نمائندگان کے اعزاز میں ظہرانہ دیا گیا جس میں وزیراعظم کی بھارتی وزیر خارجہ جے شنکر سے غیر رسمی ملاقات اوربات چیت بھی ہوئی ‘اس دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار بھی موجود تھے‘جے شنکر کی خوشگوار ماحول میں وزیراعظم اور وزیر خارجہ سے گفتگو ہوئی‘دریں اثناء پاکستان اور بھارت کے مابین کرکٹ کے موضوع پر بات چیت کا آغاز ہوگیا ‘بھارت روانگی سے قبل بھارتی وزیر خارجہ کی پاکستانی وزیر خارجہ اسحاق ڈار سے غیر معمولی ملاقات ہوئی‘ذرائع کے مطابق وزیر خارجہ اسحاق ڈار اوران کے بھارتی ہم منصب جے شنکر کے درمیان ظہرانے پر بات چیت ہوئی‘ذرائع کا کہنا ہےکہ بھارتی درخواست پر دونوں وزرائے خارجہ کو اکٹھے بٹھایا گیا اور وزارت خارجہ نے دونوں وزرائے خارجہ کو اکٹھا بٹھانے کے لیے سِٹنگ ارینجمنٹ تبدیل کیاجبکہ ایس جے شنکر نے شاندار میزبانی پر حکومت پاکستان ‘عوام ‘وزیراعظم شہباز شریف اور اسحاق ڈارکا شکریہ اداکیا۔ذرائع کا کہنا ہےکہ پاکستان نے دونوں ملکوں کے درمیان کرکٹ سے بات چیت کا آغاز کرنےکی بات کی۔ خیال رہےکہ پاکستان میں اگلے سال فروری میں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی منعقد ہو رہی ہے۔ذرائع کے مطابق دونوں طرف سے اس بارے میں بات چیت کا آغاز کردیا گیا ہے۔ملاقات وزیراعظم شہباز شریف کی طرف سے شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس کے موقع پر ہوئی اور ظہرانے کے موقع پر وزیرخارجہ اسحاق ڈار اوربھارتی وزیرخارجہ جے شنکر ایک ساتھ بیٹھے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں جے شنکر نے کہا کہ اسلام آباد سے روانہ ہو رہا ہوں، حکومت پاکستان کا شاندار میزبانی پر شکریہ، پاکستان کے وزیر اعظم شہباز شریف کا بھی شکریہ ادا کرتا ہوں۔جے شنکر نے وزیر خارجہ اسحاق ڈار اور پاکستانی عوام کا بھی شکریہ ادا کیا۔

اہم خبریں سے مزید