• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

5 فیصد امیر ترین ٹیکس نہیں دیتے، کوشش ہے محصولات کی شرح نہ بڑھے، چیئرمین FBR

کراچی ( اسٹاف رپورٹر ) چیئرمین ایف بی آر راشد محمود لنگڑیال نے کہا ہےکہ ملک میں سب سے اوپر کی 5فیصد امیر ترین آبادی ٹیکس ہی نہیں دیتی، ہماری کوشش ہے کہ مزید ٹیکس شرح نہ بڑھے، صنعت کار تکلیف دہ مراحل سے گزرے ہیں گزشتہ 2سے3سال معیشت کیلئے بہت تکلیف دہ رہے ، اب حالات بہتر ہو رہے ہیں، امید ہے کہ شرح سود میں 2فیصد کمی آئے گی، میں نے افسر سے پوچھا ریفنڈز کے پیسے کیسے طے ہوتے ہیں؟ جس پر افسر نے کہا کہ جعلی ریفنڈز پر زیادہ، جائز پر کم پیسے لیتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے فیڈریشن ہاؤس کراچی میں ایف پی سی سی آئی کے عہدیداروں اور کاروباری برادری کے افراد سے خطاب میں کیا ، ایف بی آر کی سینئر ٹیم اور ایف بی آر کے مختلف محکموں کے اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ ایف پی سی سی آئی نے تاجروں کے اصولی خدشات اور مطالبات پیش کئے۔ اس موقع پر صدر ایف پی سی سی آئی عاطف اکرام شیخ، سینئر نائب صدر ایف پی سی سی آئی ثاقب فیاض مگوں ، صدر ایف پی سی سی آئی کے مشیر خرم اعجاز نے بھی خطاب کیا۔ چیئرمین ایف بی آر نے تاجروں اور صنعت کاروں کی اس بات سے اتفاق کیا کہ ٹیکسوں کے بوجھ کو کم کرنے اور تعمیل کو بڑھانے کے لیے ٹیکس کی شرحوں میں کمی کی جانی چاہیے۔ تاہم، موجودہ حالات میں یہ ممکن نہیں ہے، سب سے اوپر کی 5 فیصد امیر ترین آبادی بھی ٹیکس جمع نہیں کروا رہی ہے اور ایف پی سی سی آئی کا مطالبہ جائز ہے کہ ٹیکس چوروں کو نشانہ بنایا جائے بجائے ان لوگوں کو جو کہ گزشتہ کئی دہائیوں سے ٹیکس ادا کر رہے ہیں۔

اہم خبریں سے مزید