• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

روسی وزیراعظم سے شہباز اور جنرل عاصم منیر کی ملاقاتیں، مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق

اسلام آباد(نمائندہ جنگ )شنگھائی تعاون تنظیم اجلاس میں شرکت کے لیے آئے روسی وزیراعظم کی آرمی چیف جنرل عاصم منیر سے ملاقات ہوئی ہے‘ملاقات کے آغاز پر روس کے وزیراعظم نے بڑی گرم جوشی سے آرمی چیف سے مصافحہ کیا۔

علاوہ ازیں شہباز شریف سے روس کے وزیر اعظم میخائل مشوستن کی بدھ کو وزیر اعظم ہائوس میں ملاقات ہوئی جس میں دونوں رہنماؤںنے کثیرالجہتی فورمز پر تعاون اورتجارت، صنعت، توانائی، علاقائی روابط، سائنس، ٹیکنالوجی اور تعلیم کے شعبوں میں مضبوط بات چیت اور تعاون کو فروغ دینے پر اتفاق کیاہے۔

شہباز شریف نے روس کے ساتھ دوطرفہ سیاسی، اقتصادی اور دفاعی مذاکرات کو تیز کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔وزیر اعظم نے پاکستان اور روس کے مابین مواصلاتی روابط کے فروغ کیلئے براہ راست پروازوں کی اہمیت پر زور دیا۔ 

دونوں وزرائے اعظم نے دوطرفہ تعاون کے تمام شعبوں پر تبادلہ خیال کیا اور گزشتہ دو دہائیوں کے دوران پاکستان اور روس کے مابین تعلقات کی مثبت سمت پر اطمینان کا اظہار کیا۔ 

دریں اثنا وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پاک روس تعلقات کو مضبوط بنانے کے لئے پاکستان کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک کے درمیان اقوام متحدہ اور شنگھائی تعاون تنظیم میں کثیرالجہتی فورمز پر رابطہ کاری جاری رکھنے پر اتفاق کیاہے۔

بدھ کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنی پوسٹ میں انہوں نے کہا کہ روسی فیڈریشن کے وزیر اعظم میخائیل میشوستن کے ساتھ انتہائی اہم ملاقات ہوئی۔

اہم خبریں سے مزید