لاہور (اے پی پی)ایرانی قونصل جنرل مہران مواحد فر نے کہا ہے کہ ایران پاکستان کی صنعتی ترقی کا معترف ہے،پاکستان کی تمام صنعتوں کے ساتھ کام کرنے کو تیار ہیں،لاہور ثقافتی ہی نہیں بلکہ صنعتی شہر ہے جس نے کوالٹی اور محنت سے اپنا نام بنایا ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاک ٹریکٹر مینوفیکچرنگ کمپنی لاہور کے ہیڈ آفس دورہ کے دوران کیا۔ایرانی قونصل جنرل نے کہا کہ رواں ماہ ایکسپو سینٹر لاہور میں ہونے والے پاکستان آٹو شو میں ایران کی 20 سے زائد کمپنیاں شرکت کر رہی ہیں جس سے دونوں ممالک ایک دوسرے کی ٹیکنالوجی اور تجربات سے فائدہ اٹھا سکیں گے ۔انہوں نے کہا کہ ایران میں ٹریکٹر سازی کی چھ بڑی کمپنیاں ہیں جو پاکستان کے ساتھ ملکر ٹریکٹر اور اسپئیر پارٹس کے لیے مشترکہ طور پر کام کر سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ایرانی مارکیٹ میں پاکستانی تاجروں کے لیے بے پناہ مواقع موجود ہیں اور خاص طور پر ٹریکٹر اسپیئر پارٹس کی ایران کو اشد ضرورت ہے۔