پشاور (جنگ نیوز )خیبرپختونخوا کے وزیر برائے خوراک ظاہر شاہ طورو سے پاکستان تحریک انصاف مردان کی ضلعی تنظیم کمیٹی ممبران نے پشاور میں ملاقات کی۔ ملاقات میں ضلع مردان میں جاری ترقیاتی منصوبوں اور گرفتار پارٹی کارکنان کی رہائی کے لائحہ عمل پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔صوبائی وزیر نے پارٹی کارکنان سے کہا کہ تمام کارکنان ضلع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی کریں اور کسی بھی مسئلے کی فوری اطلاع دیں تاکہ وقت پر اقدامات اٹھائے جا سکیں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع مردان کو ماڈل ضلع بنانے کے لیے تمام ممکنہ اقدامات کیے جائیں گے اور عوام سے کیے گئے تمام ترقیاتی وعدے پورے کیے جائیں گے۔