کوئٹہ(پ ر)صوبائی مشیر ترقی نسواں ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا ہے کہ ہر سال پاکستان میں چھاتی کے سرطان سے متاثرہ 90 ہزار مریض سامنے آتے اور ان میں 40 ہزار خواتین اپنی زندگی کی بازی ہار جاتی ہیں، متاثرہ خواتین میں سے 75 فیصد کا تعلق دیہی علاقوں سے ہے،اس بیماری کا جتنا جلد علاج کرایا جائے اتنا ہی اس کے پھیلنے کی شرح کو کم کیا جاسکتا ہے۔ یہ بات انہوں نے بدھ کو وومن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر میں کیتھلین کمال رئیسانی فاؤنڈیشن کے زیراہتمام چھاتی کے سرطان اور ہاتھ دھونے کے عالمی دن کے حوالے سے دو روزہ آگاہی سیمینار کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی، سیمینار سے کیتھلین کمال رئیسانی فاؤنڈیشن کی چیف ایگزیکٹو ذولیخا رئیسانی، ڈاکٹر روزینہ ستار، وومن ٹیکنیکل ٹریننگ سینٹر کی وائس پرنسپل مس صفورہ و دیگر نے بھی خطاب کیا۔ ڈاکٹر ربابہ بلیدی نے کہا کہ ہاتھ دھونے کو ہمارے یہاں ایک بہت ہی معمولی بات سمجھا جاتا ہے جبکہ یہ ایک بنیادی چیز ہے جو ہمیں بہت سی بیماریوں سے محفوظ رکھتی ہے، تقریب کے اختتام پر انہوں نے شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔