اسلام آباد (رپورٹ ،عاصم جاوید ) ڈاکٹر عافیہ صدیقی کی امریکی جیل سے رہائی اور وطن واپسی کے کیس میں حکومت پاکستان نے سزا کی معافی کیلئے امریکی صدر کو خط لکھ دیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے امریکی صدر جو بائیڈن کو لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ ڈاکٹر عافیہ صدیقی کو امریکی ڈسٹرکٹ کورٹ نے 86 سال قید کی سزا سنا رکھی ہے، بطور وزیراعظم اس معاملے میں مداخلت میری ذمہ داری ہے، گزارش ہے کہ آپ اپنا آئینی اختیار استعمال کرتے ہوئے انسانی بنیادوں پر عافیہ صدیقی کی سزا معاف کر کے رہائی کا حکم دیں، میری آپ سے امریکا اور میرے آبائی شہر لاہور میں ملاقات ہوئی، میں نے آپ کو ہمیشہ پاکستان اور اُس کے عوام کا دوست پایا، کیری لوگر برمن بل کی پندرہ سال قبل کانگریس سے منظوری میں آپ کا کردار مجھے یاد ہے، میں آپ کی توجہ ایسے اہم معاملے کی طرف دلانا چاہتا ہوں جسے ہمدردی کی بنیاد پر دیکھا جانا چاہئے۔