• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

یحییٰ سنوار نے خون کے آخری قطرے تک مزاحمت کی، حماس، شہادت کی تصدیق کردی

کراچی ، غزہ ، بیروت (نیوز ڈیسک، اے ایف پی) حماس نے اپنے سربراہ یحیٰ سنوار کی شہادت کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے خون کے آخری قطرے تک مزاحمت جاری رکھی اور فلسطین کا دفاع کیا ، حماس کے سینئر رہنما خلیل الحیا نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ غزہ میں مکمل جنگ بندی ، اسرائیلی افواج کے مکمل انخلاء اور فلسطینی قیدیوں کی رہائی تک اسرائیلی قیدیوں کو نہیں چھڑایا جاسکتا۔غزہ کے شمالی علاقے جبالیہ مہاجر کیمپ سمیت مختلف علاقوں پر اسرائیلی بمباری میں 24گھنٹوں کے دوران مزید 65فلسطینی شہید ہوگئے ، شہداء کی مجموعی تعداد 42ہزار 500ہوگئی جبکہ لبنان پر اسرائیلی بمباری میں بھی درجنوں شہری شہید اور زخمی ہوگئے ہیں، حزب اللہ نے کہا ہے کہ وہ اسرائیلی فوجیوں کو نئے قسم کے میزائلوں اور ہتھیاروں سے نشانہ بنارہے ہیں، حزب اللہ کے مطابق انہوں نے اسرائیلی شہروں حیفہ اور صفد میں فوجی اڈوں پر درجنوں میزائل داغے ہیں جبکہ ڈرونز سے بھی حملے کئے ہیں ۔ ایران ، حوثیوں اور حزب اللہ نے حماس کے سیاسی ونگ کے سربراہ کی شہادت پر اظہار افسوس کیا ہے تاہم ان کا کہنا ہے کہ اس سے مزاحمت مزید مضبوط ہوگی اور فلسطین آزاد ہوگا۔ روس نے یحیٰ سنوار کی شہادت پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس کے سنگین نتائج مرتب ہوں گے ۔ اسرائیلی اقدامات سے غزہ اور لبنان میں انسانی صورتحال مزید بدتر ہوگی ۔ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے کہا ہے کہ اسرائیل اور ایران کے درمیان کسی بھی معاملے پر مفاہمت مشکل ہے تاہم وہ دونوں کے درمیان ثالثی کا کردار ادا کرنے کیلئے تیار ہیں ۔
اہم خبریں سے مزید