• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسٹریلیا کیخلاف ٹی 20 سیریز میں جگہ بنانے کیلئے بابر اعظم کو مشکلات کا سامنا

کراچی(اسٹاف رپورٹر) سابق کپتان بابر اعظم کا ستارہ ایک بار پھر گردش میں ہے۔انگلینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز سے ڈراپ ہونے کے بعد آسٹریلیا کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں بھی انہیں ٹیم میں جگہ بنانے میں مشکل پیش آرہی ہے۔سلیکٹرز انہیں صرف ون ڈے ٹیم میں رکھنا چاہتے ہیں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سلیکٹرز کے مطابق بابر اعظم کو ٹی ٹوئنٹی ٹیم میں اوپننگ کرانے سے ٹیم کا کمبی نیشن خراب ہوجاتا ہے اس لئے انہیں ون ڈے تک محدود رکھا جائے۔ محمد رضوان کو وائٹ بال کا کپتان بنانے کی تجویز زیر غور ہے۔ دوسری جانب بابراعظم کے والد اعظم صدیقی بیٹے کی حمایت میں دوبارہ سوشل میڈیا پر سرگرم ہوگئے ہیں۔دو ہفتے قبل بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے سوشل میڈیا سے بریک لینے کا اعلان کیا تھا۔بابر اعظم کے ٹیسٹ اسکواڈ سے ڈراپ ہونے کے بعد اعظم صدیقی دوبارہ سوشل میڈیا پر متحرک ہوگئے ہیں۔سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے بیان میں اعظم صدیقی نے کہا ہے کہ بابر اعظم جلد آپ کو کھیلتا اور فارم میں نظر آئے گا۔بابر اعظم کے والد نے یہ بھی کہا ہے کہ کچھ نہیں ہوا، ہم اللّٰہ کی رضا سے راضی تھے، ہیں اور رہیں گے۔ واضح رہے کہ انگلینڈ کے خلاف دوسرے اور تیسرے ٹیسٹ میچ کے لیے پاکستان ٹیسٹ اسکواڈ سے بابر اعظم سمیت شاہین شاہ آفریدی اور نسیم شاہ آرام کرانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ بابراعظم، نسیم شاہ، سرفراز احمد اور شاہین آفریدی کو آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے، نوجوان کھلاڑیوں اور ڈومیسٹک پرفارمرز کو انگلینڈ کے خلاف موقع دیا جارہا ہے۔ بابراعظم کے کزن سابق وکٹ کیپر بیٹر کامرن اکمل کا کہنا ہے کہ ڈومیسٹک کے رگڑے کھانے والوں نے آکر جیت دلائی۔ ہائی جیکرز نے تین سال کچھ نہ کیا، ڈومیسٹک میں رگڑے کھانے والوں نے آکر پاکستان کو جیت دلوائی۔

اسپورٹس سے مزید