کراچی (اسٹاف رپورٹر) نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم نے بنگلور ٹیسٹ کے تیسرے روز بھارت کے خلاف پہلی اننگز میں 402 رنز بنا کر 356 رنز کی برتری حاصل کی ، راچن رویندرا نے شاندار سنچری اسکور کی، بھارت نے اپنی دوسری اننگز میں فائٹ بیک کرتے ہوئے 3 وکٹوں پر 231 رنز بنا لئے اور اسے برتری ختم کرنے کیلئے مزید 125 رنز درکار ہیں۔ ویرات کوہلی نے دوسری اننگز میں70رنز بنائے، انہوں نے ٹیسٹ کر کٹ میں اپنے نو ہزار رنز مکمل کر لئے، وہ سچن ٹنڈولکر، راہول ڈریوڈ اور سنیل گواسکر کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے چوتھے بھارتی اور دنیا کے18ویں کھلاڑی ہیں ۔ دوسری اننگز میں بھارتی کپتان روہت شرما 53 ، ویرات کوہلی 70 اور یشسوی جیسوال 35 رنز بنا کر آئوٹ ہوئے جبکہ سرفراز خان 70 رنز بنا کر ناٹ آئوٹ ہیں۔ کیوی بولر اعجاز پٹیل نے 2 اور گلین فلپس نے ایک وکٹ حاصل کی۔ بھارتی ٹیم اپنی پہلی اننگز میں 46 رنز پر آئوٹ ہوگئی تھی۔