اسلام آباد (نمائندہ جنگ) وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ چھاتی کا سرطان دنیا بھر میں خواتین کو سب سے زیادہ متاثر کرنے والا کینسر ہے، میں تمام سٹیک ہولڈرز بالخصوص میڈیا سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی پیدا کرنے کے لئے قومی سطح پر ایک جامع اور مربوط آگاہی مہم کے لئے کوششیں مزید تیز کریں، اجتماعی کاوشوں سے ہم اس میں کمی لاسکتے ہیں۔ وزیراعظم نے یہ بات گزشتہ روز چھاتی کے کینسر کے عالمی دن کے موقع پراپنے پیغام میں کہی۔صدر زرداری، شہباز شریف اور ایاز صادق نے پیغامات میں کہا کہ چھاتی کے کینسر کے واقعات جنوبی ایشیائی ممالک میں زیادہ عام ہیں، وزیراعظم نے کہا کہ ہم چھاتی کے کینسر کے بارے میں آگاہی بڑھانے بالخصوص خواتین میں اس کی بروقت تشخیص و علاج کی ضرورت پر زور دینے کے لئے عالمی برادری کے ساتھ شامل ہیں۔ ادھر صدر آصف علی زرداری نے چھاتی کے سرطان کے خلاف عالمی دن پر پیغام میں کہا ہے کہ چھاتی کے سرطان کے خلاف عالمی دن کا مقصد اس مرض کے بارے میں شعور اجاگر کرنا ہے تاکہ بروقت تشخیص اور علاج کو فروغ دیا جاسکے۔ صدر مملکت نے کہا کہ اس سال چھاتی کے کینسر سے آگاہی کے مہینے کا موضوع ہے ’’کسی کو بھی چھاتی کے کینسر کا تنہا سامنا نہیں کرنا چاہئے‘‘۔ صدر زرداری نے کہا کہ چھاتی کے کینسر کے واقعات جنوبی ایشیائی ممالک میں زیادہ عام ہیں، جس کی بڑی وجہ خواتین میں چھاتی کے کینسر سے متعلق آگاہی کی کمی ہے۔