• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

حزب اللّٰہ کا اسرائیلی وزیراعظم کے گھر پر ڈرون حملہ، غزہ اور لبنان پر اسرائیلی بمباری

غز ہ ، کراچی (اے ایف پی، نیوز ڈیسک) اسرائیلی وزیراعظم نیتن یاہو کے دفتر نے کہا ہے کہ اسرائیلی شہر قیسار پر ہونے والے حزب اللہ کے ڈرون حملے میں صیہونی وزیراعظم کا گھر نشانہ بنا ہے ، اسرائیلی میڈیا کے مطابق حملے کےوقت نیتن یاہو یا ان کی بیوی گھر میں موجود نہیں تھے جبکہ حملے سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ حزب اللہ نے 115راکٹ اور ڈرونز فائر کئے ہیں ، دوسری جانب غزہ اور لبنان پر اسرائیلی بمباری او ر گولہ باری کا سلسلہ جاری رہا جس کے نتیجے میں درجنوں شہری شہید ہوگئے ہیں ،غزہ میں 114افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوگئے، صیہونی فوج کے طیاروں نے شمالی غزہ کے تین اسپتالوں العودہ ، کمال عدوان سمیت بیت لاہیہ میں انڈونیشیائی اسپتال پر بھی شیلنگ کی ہے ، بیت لاہیہ میں رہائشی کمپلیکس پر بمباری میں73فلسطینی شہید اور متعدد زخمی ہوگئے ، جبالیہ اور مغازی کیمپوںپراسرائیلی بمباری میں مزید 44فلسطینی شہید اور80زخمی ہوگئے، صیہونی وزیراعظم نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ایران کے ’’ایجنٹوں ‘‘ نے انہیں قتل کرنے کی کوشش کی ہے،اقوام متحدہ میں ایرانی مشن نے کہا ہے کہ نیتن یاہو کے گھر پر ڈرون حملہ حزب اللہ نے کیا ہے، امریکی وزیر دفاع لائیڈآسٹن نے کہا ہے کہ انہیں یہ سن کر اطمینان ہوا ہے کہ نیتن یاہو محفوظ ہیں۔ شمالی غزہ میں دو ہفتوں کے دوران جاری زمینی آپریشن اور فضائی حملوں میں 400فلسطینی شہید ہوچکے ہیں جن میں بیشتر خواتین اور بچے شامل ہیں ،غزہ میں محکمہ شہری دفاع کے ترجمان محمد باصل نے کہا ہے کہ جبالیہ میں شہداء کی تعداد اس سے کہیں زیادہ ہوسکتی ہے کیوں کہ جبالیہ کی سڑکوں اور گلیاں لاشوں سے بھری پڑی ہیں ، شمالی غزہ اور جبالیہ کیمپ کا محاصرہ 15ویں روز بھی جاری رہا جہاں محصور دو لاکھ افراد کو بھوک وپیاس اور غذائی اجناس کی انتہائی قلت کا سامنا ہے ، غزہ کے محکمہ صحت کا کہنا ہے کہاسرائیلی فوجی ٹینکوں نے انڈونیشیائی اسپتال کا محاصرہ کرلیا ہے جہاں دو مریض دم توڑ گئے،اسرائیلی فوج نے شمالی غزہ میں اپنے مزید دو فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کردی ہے ، غزہ میں زمینی جنگ کے بعد سے ہلاک صیہونی فوجیوں کی تعداد 357ہوگئی ہے ۔ قبل ازیں اسرائیلی فوج نے ہفتے کے روز اعلان میں بتایا کہ اس نے لبنان سے آنے والے تین ڈرون طیاروں کا پتا چلایا، فوجی بیان میں بتایا گیا کہ دو طیاروں کو مار گرایا گیا جب کہ تیسرے طیارے نے قیساریا شہر میں ایک عمارت کو نقصان پہنچایا۔اسرائیلی فوج کے پریس بیورو کے بیان کے مطابق حملے میں کسی کے زخمی ہونے کی اطلاع نہیں ملی۔

اہم خبریں سے مزید