• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

گزشتہ 20 سال میں اہالیان لیاقت آباد کی شناخت تبدیل کردی گئی، منعم ظفر

کراچی(اسٹاف ر پو ر ٹر )امیر جماعت اسلامی کراچی منعم ظفر خان نے جماعت اسلامی کے رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق اور ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب کے ہمراہ ٹاؤن کے تحت اہالیان لیاقت آباد کے لیے محمدی اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح اور محمدی گراؤنڈ میں پودا لگا کر شجر کاری مہم کا بھی آغاز کیا،بعد ازاں محمدی اسپورٹس کمپلیکس میں افتتاحی تقریب کے شرکاء سےخطاب کرتے ہوئے منعم ظفر خان نے کہاکہ کراچی میں جس دن سے ٹاؤن چیئرمینز کو محدود اختیارات ملے اس کے بعد سے جماعت اسلامی کے تمام ٹاؤن کے چییرمینز نے اپنے اپنے ٹاؤنز میں عوامی ریلیف کے لیے کام شروع کردیے، مختصر وقت میں لیاقت آباد ٹاؤن کے چیئرمین نے 11 ماہ میں 11 پارکس اور 2 اسپورٹس کمپلیکس کا افتتاح کیا، جماعت اسلامی کے ٹاؤن چیئرمینز اہالیان کراچی کو پارکوں، اسپورٹس کمپلیکس اور اربن فاریسٹ کے تحائف دے رہے ہیں، آج سے 20سال قبل نعمت اللہ خان نے محمدی گراؤنڈ آباد کیا تھا،ہم عزم کرتے ہیں کہ 2025میں محمدی گراؤنڈ کو ازسر نو آباد کریں گے، لیاقت آباد ٹاؤن کراچی کا دل ہے، پورے پاکستان میں تحریکوں کا مرکز لیاقت آباد ہوتا تھا۔ ہمیشہ سے لیاقت آباد کے لوگوں نے تحریک میں ہر اول دستے کا کردار ادا کیا ہے، گزشتہ 20سال میں اہالیان لیاقت آباد کی شناخت تبدیل کردی گئی، نوجوانوں کو منشیات میں لگایا گیا اور ان کے ہاتھوں سے کتاب اور قلم چھین لیے گئے،ہم عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ پیپلز پارٹی کراچی کو سندھ کا حصہ ہی نہیں سمجھتی اور نہ ہی کراچی کو اس کا حق دیتی ہے، پیپلز پارٹی نے شہر کے اداروں پر قبضہ کیا ہوا ہے، سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بناکر ادارے پرقبضہ تو کرلیا لیکن کام نہیں کرتے، ہم اختیارات کا رونا نہیں روئیں گے بلکہ مزید اختیارات بھی چھین کر لیں گے۔ اہالیان لیاقت آباد اپنے حق کے لیے نکلیں اور جماعت اسلامی کا ساتھ دیں، اس موقع پر رکن سندھ اسمبلی محمد فاروق،ٹاؤن چیئرمین لیاقت آباد فراز حسیب،وائس چیئرمین اسحاق تیموری،ناظم علاقہ لیاقت آباد مسعود علی،چیئرمین یوسی 2 عبید احمد خان ودیگر نے بھی خطاب کیا۔

شہر قائد/ شہر کی آواز سے مزید