• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کالج آف فزیشن اینڈ سرجن آف پاکستان کے 57 ویں کانووکیشن کی تقریب

ملتان (سٹاف رپورٹر) کالج آف فزیشن اینڈسرجن آف پاکستان کے 57ویں کانووکیشن کی تقریب گزشتہ روز ملتان میں ہوئی، جس میں سابق گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ مہمان خصوصی تھے، جبکہ سابق پرنسپل نشتر پروفیسر ڈاکٹر سمیع اختر نے مہمان اعزاز کے طور پر شرکت کی۔ کانووکیشن میں کامیاب ہونے والے جنوبی پنجاب کے مجموعی طور پر 200سے زائد ڈاکٹروں کوایف سی پی ایس اور ایم پی سی ایس ڈگریاں دی گئیں اور نمایاں پوزیشن لینے والے فیلوز کو میڈلز سے نوازا گیا۔ کانووکیشن میں کالج آف فزیشن اینڈ سرجن آف پاکستان کے صدر محمدشعیب شفیع، سینئر نائب صدر پرو فیسر خالد مسعود گوندل، جنوبی پنجاب کے کونسلرو ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبیٰ،پرنسپل نشتر پروفیسر راشد قمرراؤ،سمیت دیگر تعلیمی و سماجی حلقوں سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے بھی شرکت کی، کانووکیشن میں خطاب کرتے ہوئے سابق گورنر ملک رفیق رجوانہ نے ڈگریاں اور میڈلز حاصل کرنے والے تمام فیلوز، ان کے والدین اور اساتذہ کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یقیناً تقسیم اسناد کی تقریب ایک تاریخی اور جذباتی موقع ہوتا ہے، آج کا دن نشان منزل کے ساتھ نئی منزلوں کا آغاز بھی ہے، کانووکیشن میںشرکت میرے لئے باعث افتخار ہے،کالج آف فزیشن اینڈسرجن کا شمار بجا طور پر قابل فخر اداروں میں ہوتا ہے،پاکستان میں طبی خدمات کے حوالے سے سی پی ایس پی کی خدمات کو تاریخی ہے،یہاں سے فارغ التحصیل ڈاکٹر نہ صرف پاکستان بلکہ دنیا بھر میں پاکستان کا نام روشن کر رہے ہیں ، کالج آف فزیشن اینڈ سرجنز آف پاکستان کے صدر محمدشعیب شفیع، نائب صدر پروفیسر خالد مسعود گوندل، پروفیسر ڈاکٹر سمیع اختر، پروفیسر ڈاکٹر راشد قمر راؤ،ریجنل ڈائریکٹر پروفیسر ڈاکٹر غلام مجتبی ٰ نے بھی کانووکیشن سے خطاب کیا اور کہا کہ کالج آف فزیشنز اینڈ سرجنز پاکستان ملک کا سب سے بڑا ادارہ ہے،اس کالج کے تیار کردہ ہزاروں ماہرین امراض، ملک بھر کے ہسپتالوں میں خدمات سرانجام دے رہے ہیں ،یہ ادارہ پاکستان کا واحد ایسا ادارہ ہے جو 58 مختلف شعبوں میں فیلو شپ کے امتحانات کروا رہا ہے، پاکستان کے اندر اس کے 13 اور پاکستان سے باہر 3 سنٹرز ہیں اس کالج کی بنیادعالمی معیار کے طرز پر رکھی گئی ہے اور امتحانات، پیشہ ورانہ تربیت اور قابلیت کے تمام اصولوں اور قواعد و ضوابط کوعالمی معیار کے مطابق رکھا گیا ہے پاکستان میں میڈیکل کی اعلی تعلیم کیلئے یہ ادارہ تعلیم و تربیتی سطح پر ہرلحاظ سے بہترین مواقع فراہم کر رہا ہے،اس موقع پر صدر محمدشعیب شفیع نے میڈیکل کی پاکستان میں اعلی ڈگری حاصل کرنے کیلئے آنیوالے ڈاکٹروں سے ملک وقوم اور اپنے پروفیشن سے وفاداری کا حلف لیا۔
ملتان سے مزید