• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری ملکی جمہوری تاریخ کا اہم سنگ میل ہے، پی پی رہنما

ملتان (سٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب کے صدر مخدوم سید احمد محمود،سینئر نائب صدر پی پی جنوبی پنجاب خواجہ رضوان عالم، چیف کوآرڈینیٹر پی پی جنوبی پنجاب عبدالقادر شاہین، سٹی صدر پی پی پی نسیم حسین لابر نے 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری کو ملکی جمہوری تاریخ میں ایک اہم سنگ میل قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن پاکستان میں جمہوریت اور پارلیمان کی بالادستی کا حقیقی عکاس ہے،انہوں نے اس کامیابی کو شہید جمہوریت محترمہ بینظیر بھٹو کے وعدوں کی تکمیل اور جمہوری اصولوں کی فتح قرار دیا، اور اس سلسلے میں چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کی قائدانہ صلاحیتوں اور انتھک کاوشوں کو خصوصی طور پر سراہا،ان کا کہنا تھا کہ اس آئینی ترمیم سے پارلیمان کی بالادستی کو مضبوطی حاصل ہوئی ہے اور یہ عوام کے حقوق، جمہوری اقدار اور آئین کی پاسداری کے تحفظ کی جانب ایک اہم قدم ہے، 26 ویں آئینی ترمیم کی منظوری نہ صرف پارلیمانی عمل کی تقویت کا باعث ہوگی بلکہ یہ پاکستان کی جمہوری تاریخ میں ایک یادگار دن کے طور پر یاد رکھی جائے گی۔ مخدوم سید احمد محمود، خواجہ رضوان عالم نے اس بات پر زور دیا کہ پیپلز پارٹی ہمیشہ شہید ذوالفقار علی بھٹو اور محترمہ بینظیر بھٹو کے ویژن کی علمبردار رہی ہے، جنہوں نے جمہوریت کے استحکام اور عوامی فلاح و بہبود کو اولین ترجیح دی۔
ملتان سے مزید