پشاور(ایجنسیاں)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ ہمیں حکومت ملی تو آئینی ترمیم کو اڑاکررکھ دیں گے ‘عمران خان کی پیٹھ میں چھرا گھونپاگیا‘ آئینی ترمیم پر ووٹ دیا یا نہیں جو حکومتی صف میں کھڑا ہے اسے نہیں چھوڑیں گے‘ غدار غدار ہوتا ہے جو کہتے ہیں مجبوری تھی انہوں نے استعفیٰ کیوں نہیں دیا‘قوم تو ان سے حساب لے گی مگر ہم بھی ضرور حساب لیں گے، اگر سینئر ترین جج کو چیف جسٹس نہ بنایا گیا تو ہم دوبارہ نکلیں گے‘مرو یا مارو کا مرحلہ قریب ہے‘یا تو اپنا سرتڑوائیں گے یا اس غرور کے پہاڑ کو توڑیں گے‘سوشل میڈیا پر پوسٹ لگانے سے انقلاب نہیں آئے گا‘عملی قدم اُٹھانا ہوگا ۔
خیبرپختونخوا اسمبلی میں اظہار خیال کرتے ہوئے علی امین گنڈاپورکا کہناتھاکہ ہمیں پتا چل گیا کہ کون ضمیر فروش تھا کون غدار تھا، کون بزدل تھاا ور کون وہ لوگ تھے جو نظریے کے لیے کھڑے ہیں۔جن جن لوگوں نے آئینی ترمیم کے لیے ووٹ دیا اور جن لوگوں نے ووٹ نہیں دیا مگر بانی چیئرمین کی پیٹھ میں چھرا گھونپنے کے لیے ان کی صف میں کھڑے رہے رات تک ان سب کے نام آجائیں گے اور ہم ایسے کسی بندے کو نہیں چھوڑیں گے،غدار غدار ہوتا ہے چاہے وہ کسی مجبوری سے ہو یا پیسوں کی وجہ سے ہو‘ اگرکسی کا یہ خیال ہے کہ بڑے آرام سے ہضم کرلے گا تو اتنے آرام سے ہضم نہیں ہوگا ۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے کہا کہ جتنے فیصلہ ساز ادارے ہیں میں برملا ان سے کہہ رہا ہوں کہ ایسا نہیں ہوسکتا کہ آپ اس ملک میں جو کچھ بھی کریں آپ کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہوگا اور ایسا بھی نہیں ہوسکتا کہ آپ ہر ایک کا منہ بند کرلیں گے‘ہمارا پیچھے ہٹنا ان کی بھول ہے۔ہر وقت یہ ماحول رہے گا، یہ ان کی بھول ہے‘ان راستوں سے اجتناب کیا جائے، جو راستہ بنایا جارہا ہے وہ آپ کے گھر تک بھی جائے گا ۔جب حساب کی باری آتی ہے تو سب نس جاتے ہیںجنہوں نے یہاں رہنا ہے فیصلے انہیں کرنے دو۔