اسلام آباد،کراچی (ایجنسیاں، اسٹاف رپورٹر) 26ویں آئینی ترمیم کو سپریم کورٹ اور سندھ ہائیکورٹ میں چیلنج کردیا گیا جہاں درخواست میں ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی گئی ہے۔ محمد انس نامی شہری نے وکیل عدنان خان کے ذریعے درخواست دائر کرتے ہوئے سپریم کورٹ سے 26ویں آئینی ترمیم کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔ 26ویں آئینی ترمیم کے خلاف درخواست میں وفاق کو فریق بناتے ہوئے کہا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کو عدالتی امورپر تجاویز دینے کا اختیار نہیں ہے۔انہوں نے درخواست میں 26ویں آئینی ترمیم کو کالعدم قرار دینے کی استدعا کی۔ دریں اثناء 26ویں آئینی ترمیم کو سندھ ہائیکورٹ میں بھی چیلنج کردیا گیا۔ عدالت عالیہ میں درخواست الٰہی بخش ایڈووکیٹ کی جانب سے دائر کی گئی ہے جس میں موقف اپنایا گیا ہے کہ 26ویں آئینی ترمیم پاس کرکے عدلیہ کی آزادی اور رول آف لا کی خلاف ورزی کی گئی ہے۔