لندن (مرتضیٰ علی شاہ) پاکستان مسلم لیگ ن کی قیادت نے پارٹی کے برطانیہ چیپٹر کی نئی قیادت کا اعلان کر دیا۔ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، جو پی ایم ایل این کے بیرون ملک معاملات کی بھی نگرانی کرتے ہیں، نے پارٹی کے صدر نواز شریف کی جانب سے منظور کیے گئے نئے سیٹ اپ کا اعلان کردیا۔ احسن ڈار کو پی ایل ایم این یو کے کا صدر، راشد ہاشمی کو سیکرٹری جنرل، ڈاکٹر اشرف چوہان کو چیئرمین جبکہ زبیر گل کو کوآرڈینیٹر یو کے کا عہدہ دیا گیا ہے۔ ڈار اور چوہان برطانیہ میں کامیاب کاروباری شخصیات ہیں۔ ذرائع کا دعویٰ ہے کہ زبیر گل پارٹی کے معتبر ترین وفاداروں میں سے ایک ہیں لیکن کوآرڈینیٹر کا عہدہ رسمی نوعیت کے ہونے کی وجہ سے انہیں ہٹا دیا گیا۔پی ایم ایل این کے ترجمان نے کہا کہ پارٹی نے زبیر گل کی خدمات کو سراہا لیکن یوکے چیپٹر کو تازہ خون کی ضرورت ہے۔