لیڈز/ گلاسگو (زاہدانور مرزا/ طاہر انعام شیخ) انگلینڈ کی کئی کونسلوں نے نئے ٹیکسی ڈرائیوروں کے ساتھ ساتھ پرانے ٹیکسی ڈرائیوروں کے لئے بھی اپنا لائسنس کی تجدیدکرتے وقت انگلش ٹیسٹ کو لازمی قرار دے دیا ہے۔نئے قانون سے ڈرائیوروں کے لیےاپنے لائسنس رینیو کراتے وقت مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے میڈیا رپورٹس کے مطابق ایک 70سالہ ٹیکسی ڈرائیور جو 17 سال سے ٹیکسی چلا رہا ہے نے کہا ہےکہ وہ یہ ثابت کرنے کے لیے ٹیسٹ دینے کے لیے ’’ذلیل‘‘ ہو رہا ہے کہ وہ انگریزی سمجھ سکتا ہے کہ نہیں لنکن شائر میں ساؤتھ کیسٹیون ڈسٹرکٹ کونسل نے مئی میں ایک نیا قانون متعارف کرایا ہے جس کا مطلب ہے کہ ڈرائیوروں کو اپنے لائسنس کی تجدید کرتے وقت انگلش زبان بولنے کی مہارت کو ثابت کرنا ہوگا۔کونسلز میں نئے ٹیکسی ڈرائیوروں کیلئے باقاعدگی سے ٹیسٹ ہوتے ہیں، لیکن ساؤتھ کیسٹیون نے کہا کہ محفوظ اور منصفانہ ہونا تمام درخواستوں پر لاگو ہوگا۔گرانتھم سے تعلق رکھنے والے مسٹر ڈریک نے کہا کہ یہ غیر ضروری ہے اور اگر ضرورت ہو تو کونسل کو ٹیسٹ میں بیٹھے کسی کے لیے 46.50£ پونڈز کا اضافی چارج ادا کرنا ہوگا۔مسٹر ڈریک نے کہا کہ میری عمر 70سال ہے اور مجھے انگریزی زبان کا امتحان دینے پر واقعی بے عزتی ہوگی۔اگر میں 50سال پہلے کا اسکول کا سرٹیفکیٹ فراہم کرسکتا ہوں یا کچھ بھی، تو مجھے ٹیسٹ نہیں دینا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ میں متفق ہوں، کسی بھی نئے ڈرائیور کو یہ ٹیسٹ دینےچاہئیں۔ لیکن پرانے ڈرائیور کو اپنے بیج رینیو کراونے کیلئے کونسل کے دفاتر میں جانا پڑتا ہے جو انتہائی تکلیف دہ اور پریشانی کا باعث ہے۔ ساؤتھ کیسٹیون ڈسٹرکٹ کونسل نے کہا ہے کہ نئے قواعد متعارف کرانے سے پہلے ان پر آن لائن مشاورت کی گئی تھی۔ مقامی کونسل کے ایک ترجمان نے کہا کہ ٹیکسیوں اور نجی کرایہ پر لینے والی کاروں کو "محفوظ، اور موثر" بنانے کیلئے یہ یقینی بنانا ضروری ہے کہ ڈرائیوروں کو انگریزی زبان کی اچھی سمجھ ہو۔ اتھارٹی نے کہا کہ وہ ’’انگریزی میں تعلیم یافتہ اہلیت کے ثبوت‘‘ کو قبول کرسکتی ہے۔ اس پر کوئی فیس نہیں لی جاتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ اگر ڈرائیور کے پاس انگریزی میں تعلیم حاصل کرنے کی اہلیت کا ثبوت نہیں ہے تو انہیں انگریزی زبان کی مہارت کا امتحان پاس کرنا ہوگا۔ اس یک طرفہ ٹیسٹ کی قیمت 46.50£ ہے۔ واضح رہے 2021سے یہ ٹیسٹ صرف نئے ڈرائیوروں کیلئے متعارف کرایا گیا تھا۔ اس کے بعد، مئی 2024 میں، مساوات اور حفاظت کے مفاد میں، کونسل نے اسے تمام ڈرائیوروں پر لاگو کرنے پر اتفاق کیا۔ مسٹر ڈریک نے کہا کہ وہ کونسل کے لائسنسنگ ڈیپارٹمنٹ کو تحریری شکایت کریں گے۔