ملتان (سٹاف رپورٹر ) آلٹرنیٹیو ریسرچ انیشیٹیو (اے آر آئی) اور اس کی ممبر تنظیم نے حکومت سے تمباکونوشی ترک کرنے کی قومی ہیلپ لائن کو انسانی و مالی وسائل کے ساتھ فعال اور مؤثر بنانے کا مطالبہ کیا ہے تاکہ سگریٹ نوشی چھوڑنے میں تمباکونوشوں کی مدد کی جا سکے،اے آر آئی کے پروجیکٹ ڈائریکٹر ارشد علی سید نے کہا ہے کہ تمباکونوشی ترک کرنے میں مؤثرخدمات و سہولیات کی فراہمی تمباکو سے پاک پاکستان کے حصول کے لیے ضروری ہے،ا گر ملک بھر میں یہ خدمات وسہولیات بڑے پیمانے پر فراہم نہیں کی گئیں تو تمباکو سے پاک مستقبل کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہو سکے گا، تمباکونوشی چھوڑنے کی ہیلپ لائن کو فعال اور مؤثر بنانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی ضروری ہے کہ اس کے لیے انسانی و مالی وسائل بھی مہیا کیے جائیں ،پاکستان میں اس وقت تین کروڑ دس لاکھ سے زیادہ افراد مختلف شکلوں میں تمباکو استعمال کرتے ہیں جن میں سے نصف سے زیادہ سگریٹ نوش ہیں۔